مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے وزير خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انٹونیو گوٹرس اور اسلامی تعاون تنظيم " او آئی سی " کے سکریٹری جنرل حسین ابراہیم طہ کے نام علیحدہ علیحدہ خطوط میں کہا ہے کہ فلسطین پر اسرائيل کےغاصبانہ قبضہ کے مکمل خاتمہ کے بغیر خطے میں پائدار امن کا قیام ممکن نہیں ۔ ایرانی وزیر خارجہ نے فلسطینی عوام پر اسرائیل کے جارحانہ ، مجرمانہ اور بہیمانہ حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائيل کے وحشیانہ مظالم پر عالمی اداروں کی خاموشی نے اسرائیل کو جری بنا دیا ہے۔ فلسطینیوں پراسرائیل کی نسل پرست حکومت کے بھیانک مظالم کا سلسلہ جاری ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ نے مسجد الاقصی پر اسرائیلی فوجیوں کے حالیہ وحشیانہ حملوں پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلمانوں کے قبلہ اول پر اسرائیلی فوجیوں کا حملہ ناقابل قبول ہے۔ اسرائیل نے مسجد الاقصی پر حملے میں فلسطینی روزہ داروں کو بربریت کا نشانہ بنایا اوراسرائیل نے اپنی اس وحشیانہ کارروائی میں سیکڑوں فلسطینیوں کو زخمی اور گرفتار کرلیا۔ امیر عبداللہیان نے کہا کہ عالمی اداروں اور خاص طور پر اقوام متحدہ اور اسلامی تعاون تنظیم کو اسرائیلی مظالم پر خاموش نہیں رہنا چاہیے بلکہ فلسطینیوں پر اسرائیلی مظآام کو روکنے کے سلسلے میں اپنی ذمہ داریوں پر عمل کرنا چاہیے۔
آپ کا تبصرہ