8 فروری، 2022، 10:12 AM

پاکستان میں اپوزیشن جماعتوں نے حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کی کوششیں تیز کردیں

پاکستان میں اپوزیشن جماعتوں نے حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کی کوششیں تیز کردیں

پاکستان مسلم لیگ (ن) ، پاکستان پیپلز پارٹی اور دیگراپوزیشن جماعتوں نے پاکستانی حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کی کوششیں تیز کردی ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی نے ایکس پریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن)  ، پاکستان پیپلز پارٹی اور دیگراپوزیشن جماعتوں نے پاکستانی حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کی کوششیں تیز کردی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق مسلم لیگ نون کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے ورچوئل اجلاس میں حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد سمیت تمام قانونی، اور آئینی راستے  کے لیے فیصلوں کا اختیار پارٹی کے قائد نوازشریف کو دیا گیا ہے۔

سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں حکومت کو ہٹانے کے لیے تمام ممکنہ آپشنز پر غور کیا گیا اور شرکا نے پارٹی قیادت پربھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔

مسلم لیگ نون کے قائد نواز شریف نے شہبازشریف کو حکومت مخالف اتحاد پاکستان ڈیموکریکٹ موومنٹ (پی ڈی ایم) کا اجلاس فوری بلانے کی ہدایت کردی ہے۔ نواز شریف نے کہا کہ شہباز شریف پی ڈی ایم اجلاس میں عدم اعتماد سمیت قانونی راستے اختیار کرنے کے لیے کردار ادا کریں۔

ادھر پاکستان کے سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے تحریک عدم اعتماد پر چوہدری برادران سے حمایت مانگ لی۔

لاہور میں آصف علی زرداری کی حکمراں اتحاد ی جماعت ق لیگ کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین اور قائم مقام گورنر پنجاب چوہدری پرویز الہٰی سے ملاقات ہوئی۔

آصف زرداری اور ق لیگ کی قیادت کی ملاقات میں وفاقی وزراء میں شامل طارق بشیر چیمہ، مونس الہٰی کے ساتھ سالک حسین، شافع حسین اور رخسانہ بنگش شریک تھیں۔

اطلاعات کے مطابق آصف علی زرداری نےاس موقع پر وزیر اعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر گفتگو کی اور چوہدری برادران سے حمایت بھی مانگ لی۔

ذرائع کے مطابق چوہدری برادران نے آصف علی زرداری کو جواب دیا کہ تحریک عدم اعتماد اور دیگر معاملات پر پارٹی سے مشاورت کریں گے۔ اس سے قبل سابق صدر آصف زرداری کا چوہدری پرویز الہٰی، مونس الہٰی اور طارق بشیر چیمہ نے استقبال کیا۔

News ID 1909772

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha