پاکستان کے سابق صدر کی گرفتاری بلا جواز/ پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا مطالبہ

پاکستان کی قومی اسمبلی میں حزب اختلاف کے رہنما شہباز شریف نے پاکستان کے سابق صدر آصف زرداری کی گرفتاری کو بلا جواز قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ سابق صدر آصف زرداری نیب کے سامنے مسلسل پیش ہوتے رہے ہیں ان کی گرفتاری بلاجواز ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے ڈان کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کی قومی اسمبلی میں حزب اختلاف کے رہنما شہباز شریف نے پاکستان کے سابق صدر آصف زرداری کی گرفتاری کو بلا جواز قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ سابق صدر آصف زرداری نیب کے سامنے مسلسل پیش ہوتے رہے ہیں ان کی گرفتاری بلاجواز ہے۔اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے جعلی اکاؤنٹس کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری کی درخواست ضمانت میں توسیع کی درخواست مسترد ہونے پر پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے قومی اسمبلی میں احتجاج کیا اور اسپیکر ڈائس کا گھیراؤ کیا اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے سابق صدر کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا مطالبہ بھی کر دیا۔

قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر اسد قیصر کی سربراہی میں جاری ہے، جس میں آغاز سے ہی اپوزیشن کی جانب سے سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کی گرفتاری پر احتجاج کیا۔

قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آصف علی زرداری کو گرفتار کرنے کے احکامات دیے گئے ہیں لیکن میری گزارش یہ ہے کہ وہ نیب میں پیش ہوتے رہے ہیں اور ہر سوال کا جواب دیتے رہے اور کوئی تاخیری حربے استعمال نہیں کیے، کاش نیب اس چیز کو سراہتا اور گرفتاری کی نوبت آنے کی ضرورت نہیں تھی کیونکہ جب ایک شخص خود کو قانون کے سامنے پیش کرتا ہے تو اس طرح کا قدم اٹھانے کا جواز نہیں بنتا۔

شہباز شریف نے اسپیکر قومی اسمبلی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میری آپ سے پوری جماعت کی طرف سے اور یہاں بیٹھے حزب اختلاف کے اراکین کی طرف سے گزارش ہے کہ آصف زرداری کے پراڈکشن آرڈر جاری کرکے ماضی کی روایت کو برقرار رکھیں۔

انہوں نے کہا کہ آپ میرے پروڈکشن آرڈر ہمیشہ جاری کرتے رہے اور میں شکر گزار ہوں کہ آپ نے جمہوری اور پارلیمانی روایات کو تقویت پہنچائی، لہٰذا آج آصف زرداری کے بھی پروڈکشن آرڈر جاری کیے جائیں۔

News Code 1891255

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • 4 + 0 =