25 فروری، 2019، 12:02 PM

العزیزیہ ریفرنس، نواز شریف کی سزا معطلی کی درخواست مسترد

العزیزیہ ریفرنس، نواز شریف کی سزا معطلی کی درخواست مسترد

العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں پاکستان کے سابق وزیراعظم نوازشریف کی طبی بنیادوں پر سزا معطلی کی درخواست کو عدالت نے مسترد کردیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں پاکستان کے سابق وزیراعظم نوازشریف کی طبی بنیادوں پر سزا معطلی کی درخواست کو عدالت نے مسترد کردیا ہے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس عامر فاروق پر مشتمل 2 رکنی ڈویژنل بنچ نے سابق وزیراعظم نوازشریف کی طبی بنیادوں پر دائر درخواست ضمانت پر فیصلہ سنایا، عدالت نے مختصر فیصلے میں سابق وزیراعظم کی درخواست ضمانت کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کو ابھی جیل میں رہنا پڑے گا۔ فیصلہ سنائے جانے کے موقع پر عدالت میں مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں اور کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی جب کہ عدالت کے باہر سیکیورٹی کے بھی انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

دوسری جانب نواز شریف کی درخواست ضمانت مسترد ہونے پر مسلم لیگ (ن) نے شدید مایوسی کا اظہار کیا ہے، اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ میڈیکل بورڈ نے نواز شریف کی بیماری کی تشخیص کرتے ہوئے فوری علاج کی سفارش کی تھی، اس لیے ہمیں پوری امید تھی کہ نواز شریف کی ضمانت ہوجائے گی لیکن ایسا نہ ہوا، فیصلے سے شدید مایوسی ہوئی لیکن مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ عدالتوں کا احترام کیا ہے، اس فیصلے کا بھی احترام کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو  فلیگ شپ انویسٹمنٹ ریفرنس میں بری کرتے ہوئے العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں 7 سال قید جب کہ ڈیڑھ ارب روپے اور 25 ملین ڈالر جرمانے کی سزا کا حکم سنایا تھا۔

News ID 1888376

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha