مہر خبررساں ایجنسی نے رائٹرز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ڈیمو کریٹس سے کہا ہے کہ وہ کام پر واپس آئیں اور ڈیل کر لیں۔
ایک بیان میں امریکی صدر نے میکسیکن سرحد پر دیوار تعمیر کرنے کے تنازع پر ڈیموکریٹس کو ڈیل کی پیش کش کر دی۔ انہوں نے کہا کہ ہر شخص جانتا ہے کہ جنوبی سرحد پر انسانی بحران کا سامنا ہے، بہت سے لوگ وہاں سے امریکہ میں داخل ہونا چاہتے ہیں، اس معاملے کو سیاست سے دور رکھا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دہائیوں سے جاری یہ سلسلہ اب سنگین صورت حال اختیار کر چکا ہے، بہت سے لوگ امریکہ آنا چاہتے ہیں، ان میں سے بہت سے لوگ ایسے ہیں جن کے متعلق ہم نہیں چاہتے کہ وہ امریکہ آئیں۔ ٹرمپ نے کہا کہ یہ لوگ جرائم میں ملوث گروہوں سے تعلق رکھنے والے افراد ہیں جن میں منشیات اور انسانوں کے اسمگلر شامل ہیں، ہمیں اپنے ملک میں ان کی ہرگز ضرورت نہیں ہے۔
واضح رہے کہ سرحدی دیوار کے تنازع پر امریکہ میں جزوی شٹ ڈاؤن کو 28 روز ہو گئے ہیں جس کے بعد امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ڈیموکریٹس کو یہ جزوی شٹ ڈاؤن ختم کرنے کے سلسلے میں ڈیل کی پیشکش کی ہے۔
آپ کا تبصرہ