مہر خبررساں ایجنسی نے فرانسیسی خبررساں ایجنسی کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ جنوبی کوریا کے جنوب مغربی شہر میریانگ کے سیجونگ اسپتال میں آتشزدگی سے کم سےکم 41 افراد ہلاک اور 70 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق آگ اسپتال کے ایمرجنسی روم میں لگی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے اسپتال کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، واقعہ کے بعد فائربریگیڈ عملے نے اسپتال کی عمارت کو گھیرے میں لیکر آگ بجھانے کی کوششیں شروع کردیں جب کہ امدادی کارکنوں نے مریضوں کو باہر نکالا اور زخمیوں کو فوراً اسپتال منتقل کیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے تاہم متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافہ کا خدشہ ہے۔ حکام کے مطابق حادثے کے وقت اسپتال اور اس سے متصل نرسنگ ہوم میں تقریباً 200 کے قریب مریض موجود تھے تاہم آگ بجھانے کی کوششیں اب بھی جاری ہیں، فائر ڈیپارٹمنٹ حکام کا کہنا ہے کہ آگ بجھانے کے بعد ہی آتشزدگی کی وجوہات سامنے آسکیں گی لہذا ابھی اس حوالے سے کچھ نہیں کہا جاسکتا۔
جنوبی کوریا کے جنوب مغربی شہر میریانگ کے سیجونگ اسپتال میں آتشزدگی سے کم سےکم 41 افراد ہلاک اور 70 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔
News ID 1878298
آپ کا تبصرہ