مہر خبررساں ایجنسی نے ایکسپریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کے شہر کوئٹہ میں زرغون روڈ پر واقع چرچ پر خودکش حملے میں 8 افراد ہلاک اور 25 زخمی ہوگئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق کوئٹہ میں زرغون روڈ پر متعدد دہشت گردوں نے میتھوڈسٹ چرچ پر حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں خاتون سمیت 8 افراد ہلاک اور 25 زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں جبکہ متعدد افراد کی حالت تشویش ناک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خطرہ ہے۔ زخمیوں کو ایدھی ایمبولینسز کے ذریعے سول اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ شہر بھر کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے تمام عملے کو طلب کرلیا گیا۔پاکستانی حکام کے مطابق چار دہشت گرد وں نے حملہ کرنے کی کوشش کی، لیکن سکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی کی وجہ سے ان کا حملہ پوری طرح کامیاب نہیں ہوا۔ ایک بمبار نے خود کو دروازے پر دھماکے سے اڑادیا جس کے بعد باقی حملہ آوروں نے اندر داخل ہوکر فائرنگ کی اور چاقوؤں سے حملے کیے۔ فورسز سے جھڑپ میں ایک حملہ آور مارا گیا اور دیگر دو حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ عینی شاہدین کے مطابق پہلے فائرنگ کی آوازیں سنائی دیں جس کے بعد زوردار دھماکہ ہوا۔ دہشتگردوں نے چرچ میں گھس کر اندر موجود افراد پر چاقوؤں سے حملہ کرکے انہیں زخمی بھی کیا۔ اتوار کا دن ہونے کی وجہ سے گرجا گھر میں خواتین اور بچوں سمیت مسیحی برادری کے 400 سے زیادہ افراد عبادت کے لیے جمع تھے اور دعائیہ تقریب ہورہی تھی جبکہ کرسمس کی تیاریاں بھی کی جارہی تھیں۔
پاکستان کے شہر کوئٹہ میں زرغون روڈ پر واقع گرجاگھر پر خودکش حملے میں 8 افراد ہلاک اور 25 زخمی ہوگئے ہیں۔
News ID 1877410
آپ کا تبصرہ