مہر خبررساں ایجنسی نے ایکس پریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کی قومی اسمبلی میں حزب اختلاف کے رہنما خورشید شاہ نے سکھر میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی نریندر مودی اور سجن جندال چلا رہے ہیں۔ خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ حکومت نے لوڈشیڈنگ کے معاملے پر پوری قوم کو دھوکہ دیا، پورے ملک کی طرح پنجاب میں بھی 10،10 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ جاری ہے۔ خورشید شاہ نے کہا کہ انتخابات کے دن آچکے ہیں اور الیکشن ہی تحریک کا سب سے بڑا نام ہے، ہم نے لوگوں سے کئے ہوئے وعدے پورے کرنے ہیں، موجودہ حکومت نے ملکی زراعت کو مکمل تباہ کر دیا ہے، 4 سال کے عرصے میں ملازمیں کی تنخواہوں میں 30 فیصد بھی اضافہ نہیں کیا گیا جب کہ ہم نے ملازمین کی تنخواہوں میں 135 فیصد اور پینشن میں 110 فیصد اضافہ کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف نے وفاق کو کمزور کیا اور چھوٹے صوبوں کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا۔ قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیرداخلہ بیمار اور ذہنی مریض شخص ہیں، ان کا یہ حال ہے کہ جب لاہور ماڈل ٹاؤن میں 11 افراد شہید ہوئے، اسلام آباد میں اساتذہ اور کلرکوں پر تشدد کیا گیا، عمران خان کے گھر پرلوگوں کو مارا گیا وزیراعلیٰ کے پی پر لاٹھیاں برسائی گئیں تو وزیر داخلہ کا کوئی بیان نہیں آیا لیکن کراچی میں صرف واٹر شیلنگ کی گئی تو سندھ حکومت کو تنقید کا نشانہ بنا ڈالا اور جب اسلام آباد میں رینجرز نے کارروائی کی تو چوہدری نثار سیخ پا ہو گئے، خود کہتے ہیں کہ فوج کے خلاف بات نہ کرو اور خود ہی فوج کو تنقید کا نشانہ بناتے ہیں۔ وزیر داخلہ خود رینجرز کو اختیارات دینے کو تیار نہیں لیکن سندھ میں رینجرز اختیارات کے حوالے سے ان کی پالیسی دوغلی ہے۔رہنما پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ حکومت ہر معاملے میں پیچھے ہے اور کلبھوشن کے معاملے پر پاکستان کی خارجہ پالیسی مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے، پاکستان کی خارجہ پالیسی سجن جندال اور مودی چلا رہے ہیں۔
پاکستان کی قومی اسمبلی میں حزب اختلاف کے رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی نریندر مودی اور سجن جندال چلا رہے ہیں۔
News ID 1872649
آپ کا تبصرہ