مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان اور ہندوستان کے وزرا اعظم اور خارجہ سکریٹریوں کی رواں ماہ کے وسط میں مصر میں ملاقاتوں کے شیڈول کی تصدیق کردی گئی ہے۔یہ ملاقاتیں ممبئی حملوں کے بعد دونوں ممالک کے درمیان پہلا رابطہ ہوں گی ۔ پاکستان دفتر خارجہ کے ذرائع کے مطابق پاکستان اور ہندوستان کی قیادت کی یہ ملاقاتیں مصر کے ساحلی مقام شرم الشیخ میں غیر وابستہ ممالک کی تنظیم کے اجلاس کے موقع پر ہوں گی ۔ طے شدہ شیڈول کے مطابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی اور ہندوستانی وزیر اعظم من موہن سنگھ کی ملاقات سولہ جولائی کو اور اس سے پہلے دونوں ممالک کے خارجہ سکریٹریوں کی ملاقات چودہ جولائی کو شرم الشیخ میں ہوگی ۔ یہ ملاقاتیں ممبئی حملوں کے بعد بحالی مذاکرات کی کوششوں کی خاطر دونوں ممالک کے درمیان اپنی نوعیت کی پہلی ملاقاتیں ہوں گی ۔
آپ کا تبصرہ