مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، رہبر معظم انقلاب اسلامی آیت اللہ سید مجتبی خامنہ ای نے ہفتہ بسیج کے موقع پر اپنے پیغام میں بسیجیوں کی فکری بنیادوں، سماجی ذمہ داریوں اور مستقبل کے کردار پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ بسیجیوں کی اصل وابستگی مکتب امام حسینؑ سے ہے، جو اسلام ناب محمدیؐ کی صحیح تفہیم کا مظہر ہے۔ ان کی تمام دوستیاں، دشمنیاں، وفاداریاں اور لاتعلقی اسی بنیاد پر استوار ہوتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قرآن کریم کی دو حیات بخش تعلیمات، یعنی «آپس میں رحم دل اور کافروں کے مقابلے میں سخت» بسیجیوں کے لیے مشعل راہ ہیں۔ اسی بنا پر بسیجی عوام، نظام اور انقلاب کے ساتھ ہر طرح کی محبت اور ایثار کا مظاہرہ کرتے ہیں اور اسلام و اسلامی نظام کے دشمنوں کو نقصان پہنچانے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتے۔
رہبر معظم انقلاب نے ایران کی قومی یکجہتی اور مقدس اتحاد کے تحفظ کو تمام بسیجیوں کی مشترکہ صفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ حالیہ دنوں میں اس اتحاد کی عظیم قدر اور میدان جنگ میں اسلام کے بہادر و فداکار مجاہدین کی کامیابیوں کے تسلسل میں اس کے گہرے اثرات دشمن پر واضح ہوچکے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جس طرح ایران کی عظیم قوم نے تیسرے دفاع مقدس کے دوران ایک نئی بیداری اور تحریک کا مظاہرہ کیا ہے اور ملک بھر میں بسیجی جذبے کو وسعت ملی ہے، اسی طرح تنظیم بسیج کو بھی ایک نئی تبدیلی اور نئے جنم سے گزرنا چاہیے۔
ان کے مطابق، تنظیم بسیج کو بیدار اور متحرک ہونے والی قوم کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے بسیج کے سابقہ نظام سے زیادہ ترقی یافتہ اور جدید نمونے تیار کرکے ان کا انتظام کرنا چاہیے۔ اس مقصد کے لیے اب ’’ہر ایرانی، ایک بسیجی‘‘ کے نعرے کو عملی جامہ پہنانے کی جانب مضبوط، طویل اور سوچے سمجھے قدم اٹھانے ہوں گے۔
رہبر معظم انقلاب نے کہا کہ اس وقت فوج، سپاہ پاسداران، پولیس، سرکاری اداروں اور پارلیمنٹ سے وابستہ بہت سے افراد، اسی طرح عوام کی بڑی تعداد بھی مکتب اور طرز فکر بسیج سے قلبی وابستگی کی بنا پر خود کو بسیجی سمجھتی ہے۔ میدانوں اور سڑکوں پر دن رات پرچم اٹھائے موجود رہنے والے افراد اور اپنی جانیں قربان کرنے کے لیے آمادہ لوگ بھی اسی جذبے کے حامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بہت سے ایسے افراد بھی ہیں جو باقاعدہ طور پر بسیج کے رکن نہیں ہیں، لیکن بسیجی فکر اور مکتب کو سراہتے ہیں اور اپنی زندگی کو اس کے اصولوں کے مطابق ڈھالنے کی کوشش کرتے ہیں۔ تنظیم بسیج کو اللہ تعالیٰ کی عطا کردہ اس نعمت سے بہترین انداز میں فائدہ اٹھانا چاہیے۔
انہوں نے یاد دلایا کہ بسیج نے اپنے قیام سے اب تک اپنے کارکنوں کی مدد سے بہت سے سرکاری اور غیر سرکاری اداروں کی خامیوں اور کمیوں کو پورا کیا ہے۔
رہبر معظم انقلاب نے زور دیا کہ ایرانی قوم کی حالیہ بیداری کے نتیجے میں بسیج کی صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ اب باقاعدہ ارکان کے علاوہ وہ تمام افراد بھی اس عظیم قوت کا حصہ ہیں جو قلبی طور پر خود کو بسیجی سمجھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان تمام افراد کے دل بسیج کے حقیقی مراکز ہیں اور ان کی ایک ایک صلاحیت سے ملک کے مسائل حل کرنے اور نئے و منفرد مواقع حاصل کرنے کے لیے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔ اس طرح ’’ہر ایرانی، ایک بسیجی‘‘ کے نعرے کو مزید وسعت اور حقیقی معنویت حاصل ہوگی۔
آپ کا تبصرہ