مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امریکہ کے شہر بروکلین میں یہودی رئیل اسٹیٹ ایجنسی کی جانب سے مغربی کنارے کی زمینوں کی خرید و فروخت کے لیے منعقدہ تقریب کے دوران صہیونی حکومت کے مخالفین اور حامیوں کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں۔
گزشتہ شب بروکلین میں مقبوضہ مغربی کنارے کی زمینوں کی غیر قانونی فروخت سے متعلق ایک تقریب کے خلاف احتجاج کے دوران صہیونی حکومت کے مخالف مظاہرین، اس حکومت کے حامیوں اور پولیس کے درمیان شدید تصادم ہوا، جس کے نتیجے میں متعدد افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔
یہ جھڑپیں علاقے ’’میڈوڈ‘‘ میں واقع ایک یہودی ریسٹورنٹ کے سامنے ہوئیں، جہاں فلسطین کے حامی مظاہرین نے کوفیے پہن کر اجتماع کیا اور اسرائیلیوں اور نیویارک سٹی پولیس کے ساتھ الجھ پڑے۔ یہ احتجاج صہیونی رئیل اسٹیٹ کمپنی ’’کیپٹل‘‘ کی جانب سے ’’ایسن نیویارک ڈیلی‘‘ ریسٹورنٹ میں منعقدہ ایک تقریب کے خلاف کیا گیا تھا۔
نیویارک اور نیوجرسی میں فلسطینیوں کے حقِ واپسی کے اتحاد نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’’ایکس‘‘ پر ایک پیغام میں اعلان کیا کہ ’’صہیونی رئیل اسٹیٹ ایجنسی‘‘ مغربی کنارے کی یہودی بستیوں میں زمین فروخت کرنے کے لیے ایک پروگرام منعقد کر رہی ہے۔ دوسری جانب، ’’کیپٹل‘‘ کمپنی کے نمائندے نے دعویٰ کیا کہ اس تقریب میں مغربی کنارے کی کوئی جائیداد فروخت کے لیے پیش نہیں کی جا رہی۔
ان جھڑپوں کے دوران متعدد مظاہرین نے حفاظتی رکاوٹیں ہٹانے کی کوشش کی تو پولیس کے ساتھ ان کی مڈبھیڑ ہو گئی۔ اس دوران پیدا ہونے والی افراتفری میں کئی مظاہرین کو گرفتار بھی کیا گیا۔ پولیس نے متعدد افراد کی گرفتاری کی تصدیق کی، تاہم گرفتار شدگان کی صحیح تعداد اور ان کے خلاف عائد کیے گئے الزامات کی تفصیلات جارینہیں کیں۔
آپ کا تبصرہ