16 ستمبر، 2026، 4:49 PM

جان قربان مہم؛ 26 فیصد رضاکار فوجی و سکیورٹی سرگرمیوں کے لیے تیار

جان قربان مہم؛ 26 فیصد رضاکار فوجی و سکیورٹی سرگرمیوں کے لیے تیار

جان قربان مہم کے ترجمان ساسان زارع نے کہا ہے کہ مہم میں رجسٹریشن کروانے والے افراد میں سے 26 فیصد نے فوجی و سکیورٹی سرگرمیوں میں حصہ لینے کے لیے آمادگی ظاہر کی ہے، جبکہ ایک ہزار فوجی بٹالین کو منظم کرنے کا عمل آئندہ ہفتے سے شروع ہوگا۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جان قربان مہم کے ترجمان ساسان زارع نے کہا ہے کہ مہم میں رجسٹریشن کروانے والے افراد میں سے 26 فیصد نے فوجی و سکیورٹی سرگرمیوں میں حصہ لینے کے لیے آمادگی ظاہر کی ہے، جبکہ ایک ہزار فوجی بٹالین کو منظم کرنے کا عمل آئندہ ہفتے سے شروع ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ رجسٹریشن کروانے والوں میں 32 فیصد خواتین اور 68 فیصد مرد ہیں، جبکہ 60 فیصد سے زائد افراد کی عمر 46 سال سے کم ہے۔ 20 فیصد افراد امداد و ریسکیو، 20 فیصد سماجی خدمات، 17 فیصد ثقافتی و میڈیا خدمات اور 13 فیصد مالی معاونت کے لیے رضاکارانہ طور پر تیار ہیں۔

زارع کے مطابق، ایک ہزار ابتدائی بٹالین کے لیے جامع نظام گزشتہ روز عوام کے لیے کھولا گیا اور 100 منٹ سے بھی کم وقت میں ایک ہزار بٹالین کی گنجائش مکمل ہوگئی۔

جاسوسی کے خلاف تربیت سے ڈرون آپریشن تک

انہوں نے کہا کہ تربیتی پروگرام موجودہ جنگی خطرات اور ضروریات کے مطابق تیار کیے گئے ہیں، جن میں مقامی سکیورٹی، عمومی جنگی تیاری، نگرانی، جاسوسی و اطلاعاتی اقدامات شامل ہیں۔ اس کے علاوہ چھوٹے ڈرونز چلانے، کندھے سے چلائے جانے والے ہتھیاروں اور اجتماعی حالات میں امدادی کاروائیوں کی تربیت بھی دی جائے گی۔

ان کے مطابق، یہ تربیت تین مراحل، ابتدائی، تکمیلی اور پیشہ ورانہ، میں ہوگی اور مسلح افواج کے تمام متعلقہ ضابطوں کی پابندی کی جائے گی۔

فوجی تربیت آئندہ ہفتے تہران سے شروع ہوگی

جان قربان مہم کے ترجمان کے مطابق، فوجی تربیت آئندہ ہفتے تہران سے شروع ہوکر دوسرے صوبوں تک پہنچے گی۔ رضاکاروں کی ملازمت اور تعلیمی مصروفیات کو مدنظر رکھتے ہوئے کلاسیں ہفتے کے آخر یا چند دنوں میں چند گھنٹوں کے لیے منعقد کی جائیں گی۔

انہوں نے بتایا کہ بعض تربیتی پروگرام فوجی مراکز جبکہ بعض مخصوص اور مصروف عوامی مقامات پر منعقد ہوں گے۔ تہران کے امام حسین (ع) اسکوائر میں مکمل سازوسامان کے ساتھ ایک عارضی فوجی تربیتی شہر بھی قائم کیا جائے گا، جہاں رجسٹرڈ افراد عملی تربیت حاصل کریں گے۔

زارع نے یہ بھی بتایا کہ جان قربان مہم کے بنیادی ڈھانچے پر بڑے پیمانے پر سائبر حملہ کیا گیا، تاہم مہم کی فنی ٹیم نے اس خطرے کا کامیابی سے مقابلہ کیا۔ بیرونِ ملک مقیم ایرانیوں کی بھی بڑی تعداد نے مہم میں رجسٹریشن کروائی ہے، جن کی صلاحیتوں کو ثقافتی اور تعلیمی سرگرمیوں میں استعمال کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک کی تمام اعلیٰ قیادت نے بھی اس مہم میں رجسٹریشن کروائی ہے، جبکہ معروف شخصیات میں کھلاڑیوں کی رجسٹریشن فنکاروں سے زیادہ رہی ہے۔

زارع نے کہا کہ ایران کی سب سے بڑی حکمتِ عملی عوامی صلاحیتوں سے زیادہ سے زیادہ استفادہ کرنا ہے۔ موجودہ حالات میں ملک کا دفاع اولین ترجیح ہے اور عوامی صلاحیتوں کے ایک حصے کو اسی مقصد کے لیے منظم کیا جا رہا ہے، جبکہ مہم کی دیگر صلاحیتوں سے معیشت اور عوامی معیشت کے شعبے میں بھی استفادہ کیا جائے گا۔

News ID 1941404

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha