مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، پیر کے روز امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (FAA) نے اعلان کیا کہ مَین کے بنگور انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر برفانی طوفان کے دوران ایک نجی بزنس جیٹ کے حادثے میں سات افراد ہلاک ہو گئے، جبکہ طیارے کا ایک عملہ رکن شدید زخمی حالت میں زندہ بچ گیا۔
رپورٹ کے مطابق، آٹھ افراد کو لے جانے والا بمبارڈیئر چیلیجر 600 طیارہ اتوار کی شب تقریباً 7 بج کر 45 منٹ پر ٹیک آف کے دوران حادثے کا شکار ہو گیا۔ یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا جب نیو انگلینڈ اور امریکا کے بڑے حصے شدید سرمائی طوفان کی لپیٹ میں تھے۔
نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ (NTSB) نے کہا ہے کہ متاثرین سے متعلق معلومات جاری کرنا اس کے دائرۂ اختیار میں نہیں آتا اور اس حوالے سے مقامی حکام ذمہ دار ہیں۔ تاہم بنگور ایئرپورٹ کے ڈائریکٹر خوسے ساویدرا نے پیر کو ایک پریس کانفرنس میں تبصرہ کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ وہ وفاقی شراکت داروں کی رہنمائی اور معاونت کے منتظر ہیں۔
فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن اور نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ دونوں نے حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ این ٹی ایس بی کے مطابق ابتدائی معلومات سے ظاہر ہوتا ہے کہ طیارہ روانگی کے فوراً بعد گر کر تباہ ہوا اور حادثے کے بعد اس میں آگ بھڑک اٹھی، تاہم ادارے نے واضح کیا کہ تفتیشی ٹیم کے ایک دو دن میں موقع پر پہنچنے تک مزید کوئی بیان جاری نہیں کیا جائے گا۔
آپ کا تبصرہ