مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے نائب کمانڈر بریگیڈیئر جنرل احمد وحیدی نے امریکہ پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ واشنگٹن نہ صرف ماحولیات کو دانستہ طور پر تباہ کر رہا ہے بلکہ خلا کو بھی عسکری مقاصد کے لیے استعمال کر کے انسانیت کے لیے نئے خطرات پیدا کر رہا ہے۔
تہران میں جامعہ امام حسینؑ میں منعقدہ قومی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پائیدار ترقی اسی وقت ممکن ہے جب ترقیاتی منصوبے ماحولیاتی اصولوں کے تابع ہوں، کیونکہ ماحولیاتی اور قدرتی خطرات اب براہ راست قومی سلامتی سے جڑ چکے ہیں۔
جنرل وحیدی نے ایٹمی تجربات کو انسان کے ہاتھوں پیدا کردہ خطرناک آفات قرار دیتے ہوئے انکشاف کیا کہ بعض بڑے ایٹمی تجربات سمندروں کے اندر کیے گئے، جنہوں نے قدرتی نظام کو شدید نقصان پہنچایا۔ ان کے مطابق، چاہے یہ تجربات فضا میں ہوں یا زمین پر، ان کے اثرات نہایت مہلک ہوتے ہیں اور ان میں امریکہ پیش پیش ہے۔
انہوں نے خلیج فارس کی آلودگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ امریکی اور مغربی بحری جہازوں اور تیل بردار ٹینکروں کی سرگرمیوں نے اس خطے کے سمندری ماحول کو بری طرح متاثر کیا ہے، جس کے نتیجے میں بے شمار آبی مخلوقات ختم ہو چکی ہیں۔
غزہ کی صورتحال کو ماحولیاتی تباہی کی بدترین مثال قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکی اور صہیونی بمباری نے نہ صرف فلسطینی عوام کو شہید کیا بلکہ پورے علاقے کے قدرتی ماحول کو بھی نیست و نابود کر دیا۔ ان کے مطابق، مغربی طاقتوں کی مسلط کردہ جنگیں ماحولیاتی تباہی کا ایک بڑا سبب بن چکی ہیں۔
جنرل وحیدی نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ امریکہ دنیا کا سب سے بڑا ماحولیاتی مجرم ہے اور اس کے بعد مغربی ممالک آتے ہیں جو اپنے تیار کردہ ہتھیاروں کے ذریعے زمین، سمندر اور فضا تینوں کو آلودہ کر رہے ہیں۔
آپ کا تبصرہ