مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ایران میں حالیہ واقعات کے بعد آرمی نے دشمن قوتوں کو سخت پیغام دیا ہے۔
فوج نے کہا ہے کہ ملک میں بدامنی اور انتشار پھیلانے کی ہر کوشش کو ناکام بنایا جائے گا۔
ایرانی فوج نے اپنے بیان میں کہا کہ انقلاب اسلامی کے بعد ایران نے امریکہ اور اس کے کارندوں کو ملک سے نکال باہر کیا۔ گذشتہ 47 برسوں سے امریکہ مختلف سازشوں اور فتنوں کے ذریعے دوبارہ تسلط قائم کرنے کی کوشش کرتا رہا ہے۔ آج بھی دشمن صہیونی حکومت اور دہشت گرد گروہوں کی پشت پناہی سے شہروں میں امن و امان کو خراب کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ دشمن، جو حالیہ جنگ میں ایرانی عوام کے خون سے اپنے ہاتھ رنگین کرچکا ہے، اب جھوٹی ہمدردی کے دعووں کے ذریعے ایک اور فتنے کو جنم دینا چاہتا ہے۔
ایرانی فوج نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اتحاد اور یکجہتی کے ساتھ دشمن کی سازشوں کو ناکام بنائیں۔
فوج نے واضح کیا کہ وہ رہبر معظم آیت اللہ خامنہ ای کی قیادت میں اور دیگر مسلح افواج کے ساتھ مل کر دشمن کی ہر حرکت پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے۔
فوج نے کہا کہ قومی مفادات، اسٹریٹیجک تنصیبات اور عوامی املاک کا بھرپور دفاع کیا جائے گا اور کسی بھی سازش کا پوری قوت سے مقابلہ کیا جائے گا۔
آپ کا تبصرہ