31 دسمبر، 2025، 5:01 PM

مہر نیوز کی خصوصی رپورٹ:

سپاہ پاسداران انقلاب میں اعلیٰ سطحی تبدیلی، نئے نائب کمانڈر کا تعارف

سپاہ پاسداران انقلاب میں اعلیٰ سطحی تبدیلی، نئے نائب کمانڈر کا تعارف

رہبر معظم کے براہ راست حکم پر قدس فورس کے بانی بریگیڈیئر جنرل احمد وحیدی کو سپاہ پاسداران انقلاب کا نائب سربراہ مقرر کردیا گیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوری ایران کی مسلح افواج میں ایک اہم اور اسٹریٹجک تبدیلی کے تحت بریگیڈیئر جنرل احمد وحیدی کو سپاہ پاسداران انقلاب کا نیا نائب کمانڈر مقرر کر دیا گیا ہے۔

یہ تقرری رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کے براہ راست حکم سے عمل میں آئی۔ 1958 میں شیراز میں پیدا ہونے والے بریگیڈیئر جنرل احمد وحیدی طویل عسکری اور اسٹریٹجک تجربہ رکھتے ہیں اور قدس فورس کے بانیوں میں شمار ہوتے ہیں۔ وہ شہید صدر ابراہیم رئیسی کے دور میں وزیر دفاع اور وزیر داخلہ کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔

 تقرری کی تقریب آج منعقد ہوئی جس میں سپاہ پاسداران انقلاب کے کمانڈر ان چیف، رہبر معظم کے خصوصی نمائندے اور اعلی عسکری کمانڈرز نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران جنرل احمد وحیدی نے باضابطہ طور پر اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔

اس موقع پر سابق نائب کمانڈر بریگیڈیئر جنرل علی فدوی کو ان کی طویل اور نمایاں خدمات پر خراج تحسین بھی پیش کیا گیا۔

وسیع عسکری اور اسٹریٹجک تجربہ

بریگیڈیئر جنرل احمد وحیدی اس اہم منصب پر ایسے وقت میں فائز ہوئے ہیں جب ان کے پاس دہائیوں پر محیط ہمہ جہت عسکری، سلامتی اور انتظامی تجربہ موجود ہے۔ انہوں نے اپنی پیشہ ورانہ زندگی کا بڑا حصہ دفاعی و سکیورٹی اداروں میں مختلف حساس ذمہ داریاں سنبھالتے ہوئے گزارا ہے۔ تعلیمی اعتبار سے وہ الیکٹرانکس انجینئرنگ میں بیچلر، انڈسٹریل انجینئرنگ میں ماسٹرز اور اسٹریٹجک اسٹڈیز میں پی ایچ ڈی کی ڈگری رکھتے ہیں، جو انہیں تکنیکی فہم، نظامی منصوبہ بندی اور طویل المدتی اسٹریٹجک سوچ کا منفرد امتزاج فراہم کرتی ہیں۔ یہی امتزاج انہیں ایران کے ممتاز اور بااثر اسٹریٹجک کمانڈرز کی صف میں نمایاں مقام دیتا ہے۔

بریگیڈیئر جنرل وحیدی کا عسکری کیریئر اسلامی جمہوریہ ایران کے اہم دفاعی مراحل سے جڑا رہا ہے۔ وہ قدس فورس کے قیام اور ابتدائی تنظیمی ڈھانچے میں کلیدی کردار ادا کرنے والوں میں شامل رہے، جس نے بعد ازاں ایران کی بیرونی دفاعی اور اسٹریٹجک حکمتِ عملی میں مرکزی حیثیت اختیار کی۔ اس کے علاوہ وزارتِ دفاع میں اعلیٰ سطحی ذمہ داریوں کی انجام دہی اور بعد ازاں وزیرِ داخلہ کی حیثیت سے خدمات کے دوران انہوں نے سلامتی، انتظامی نظم و نسق اور بحرانوں سے نمٹنے کے عملی تجربات حاصل کیے۔

یہ متنوع تجربہ بریگیڈیئر جنرل احمد وحیدی کو سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے آپریشنل، انٹیلی جنس اور لاجسٹک نظام کو آپس میں جوڑ کر سمجھنے اور بہتر فیصلے کرنے کی صلاحیت دیتا ہے۔ اسی بنا پر ان کی تقرری کو محض ایک انتظامی تبدیلی نہیں سمجھا جا رہا، بلکہ موجودہ حالات میں آئی آر جی سی کی مجموعی اسٹریٹجک طاقت اور تیاری کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم اور بروقت قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

علاقائی چیلنجز کے تناظر میں تقرری کی اہمیت

بریگیڈیئر جنرل احمد وحیدی کی تقرری ایسے نازک اور حساس وقت میں عمل میں آئی ہے جب خطہ شدید سیاسی، عسکری اور سلامتی عدم استحکام سے دوچار ہے۔ ان حالات میں ایران کے دفاعی و سلامتی ڈھانچے کا مرکزی ستون سمجھی جانے والی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے لیے ہمہ وقت تیار رہنا، بدلتے خطرات کا درست اندازہ لگانا اور بروقت و مؤثر ردعمل دینا غیر معمولی اہمیت اختیار کرچکا ہے۔ ایسے ماحول میں ایک ایسے کمانڈر کی اعلی قیادت میں شمولیت جو بیرون ملک آپریشنز اور اسٹریٹجک منصوبہ بندی کا وسیع عملی تجربہ رکھتا ہو، سپاہ کی مجموعی آپریشنل آمادگی کو مزید مضبوط بنانے کی علامت سمجھی جارہی ہے۔

ماہرین کے مطابق جنرل وحیدی کی شمولیت نہ صرف سپاہ کے اندر اسٹریٹجک ہم آہنگی کو فروغ دے گی بلکہ فیصلہ سازی کے عمل کو بھی زیادہ منظم اور مؤثر بنانے میں مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔ ان کی سابقہ ذمہ داریاں اور تجربات اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ وہ مختلف عسکری، انٹیلی جنس اور انتظامی شعبوں کے درمیان ربط کو بہتر بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں، جو موجودہ پیچیدہ علاقائی حالات میں ایک اہم ضرورت بن چکی ہے۔ اسی تناظر میں ان کی تقرری کو سپاہ پاسداران انقلاب کے اندر انقلابی طرز فکر اور اسٹریٹجک تسلسل کے استحکام کا ایک واضح پیغام بھی قرار دیا جارہا ہے۔

مزید برآں، اس تقرری سے سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی اور مسلح افواج کے جنرل اسٹاف کے درمیان تعاون اور ہم آہنگی میں اضافے کی توقع کی جارہی ہے۔ اس تعاون کے نتیجے میں افرادی قوت، تنظیمی ڈھانچے اور عملی ضروریات کے حوالے سے بہتر منصوبہ بندی اور بروقت فیصلے ممکن ہوسکیں گے۔ یہی وہ نکتہ ہے جس پر رہبر انقلاب اسلامی نے اپنے حکم میں خصوصی توجہ دلائی اور قیادت کے مختلف شعبوں کے درمیان قریبی رابطے اور مؤثر تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔

تقریب کے دوران بریگیڈیئر جنرل احمد وحیدی نے اپنے خطاب میں اس بات پر زور دیا کہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کو اسلامی حکومت اور اسلامی معاشرے کے اصولوں کا عملی نمونہ ہونا چاہیے۔ انہوں نے خود کو ایک ادنی خادم قرار دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ پوری توجہ اور اخلاص کے ساتھ سپاہ پاسداران انقلاب کے اہداف اور مشن کو آگے بڑھانے کے لیے اپنی ذمہ داریاں انجام دیتے رہیں گے۔

News ID 1937425

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha