18 دسمبر، 2025، 8:24 PM

صہیونی آپس میں الجھ پڑے؛ مقبوضہ القدس میں ہنگاموں کے دوران 10 پولیس اہلکار زخمی+ویڈیو

صہیونی آپس میں الجھ پڑے؛ مقبوضہ القدس میں ہنگاموں کے دوران 10 پولیس اہلکار زخمی+ویڈیو

مقبوضہ بیت المقدس میں جبری فوجی خدمت کے خلاف احتجاج کرنے والے حریدی یہودیوں اور صہیونی پولیس میں شدید جھڑپوں کے بعد 4 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مقبوضہ بیت المقدس میں جبری فوجی خدمت کے خلاف احتجاج کرنے والے یہودی فرقے حریدی اور صہیونی پولیس کے درمیان شدید جھڑپوں کے نتیجے میں کم از کم 10 پولیس اہلکار زخمی جبکہ چار افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔

صہیونی ٹی وی چینل 12 کے مطابق مقبوضہ بیت المقدس میں پولیس اور حریدی مظاہرین کے درمیان براہ راست تصادم ہوا، جس کے دوران حالات خاصے کشیدہ رہے اور ہاتھا پائی کے مناظر بھی دیکھنے میں آئے۔

رپورٹ کے مطابق، بدامنی کی شدت اس قدر بڑھ گئی کہ صہیونی پولیس کو حالات پر قابو پانے اور مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ہیلی کاپٹر طلب کرنا پڑا۔

عبرانی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ یہ ہنگامے اس وقت شروع ہوئے جب ایک حریدی یہودی کو جبری فوجی خدمت سے فرار کے الزام میں گرفتار کیا گیا، جس کے بعد احتجاج نے دیکھتے ہی دیکھتے وسیع پیمانے پر پرتشدد شکل اختیار کرلی۔

اس صورتحال پر ردعمل دیتے ہوئے صہیونی اپوزیشن لیڈر یائیر لاپید نے نتن یاہو حکومت کی کارکردگی پر شدید تنقید کی اور کہا کہ مقبوضہ القدس میں حریدی ہنگامے کابینہ کی ناکامی اور صہیونی سکیورٹی اداروں کی کمزوری کا واضح ثبوت ہیں۔

دوسری جانب آویگدور لیبرمن نے کہا کہ جبری فوجی خدمت سے فرار ہونے والے افراد پولیس پر حملہ کر رہے ہیں کیونکہ اسرائیلی قیادت عملاً حریدی گروہوں کے زیراثر آچکی ہے۔

News ID 1937173

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha