مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، وینزویلا کے صدر نکولس مادورو نے بیرونی دباؤ کے ردعمل میں اعلان کیا ہے کہ دھمکیوں اور پابندیوں کے باوجود وینزویلا کی قوم کبھی سرتسلیم خم نہیں کرے گی اور کبھی دشمن کے سامنے ہتھیار نہیں ڈالے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ سامراج نے تصور کیا تھا کہ ہمارے لوگ ہتھیار ڈال دیں گے، لیکن یہاں کسی نے بھی ہتھیار نہیں ڈالے ہیں اور نہ ہی کبھی ڈالیں گے۔ کیونکہ ہماری قوم ایک بہادر، تخلیقی اور ترقی پسند قوم ہے۔
مادورو نے کہا کہ سامراج وینزویلا کا تیل، تارکول اور گیس لوٹنا چاہتا ہے، لیکن ہم کہتے ہیں کہ چور! یہاں سے دفع ہو جاؤ۔
نیوز ویب سائٹ ایگزیوس (Axios) نے چند گھنٹے قبل رپورٹ کیا تھا کہ امریکی حکومت نے کاراکس پر اپنا دباؤ جاری رکھتے ہوئے، وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کے بھتیجوں کے خلاف نئی پابندیاں عائد کر دی ہیں۔
اس رپورٹ کے مطابق، امریکی حکومت نے وینزویلا کے چھ آئل ٹینکرز کو بھی پابندیوں میں شامل کیا ہے۔
یہ پابندیاں ایک ایسے دن وینزویلا کے خلاف عائد کی گئی ہیں جب اس سے ایک روز قبل وینزویلا کے ایک آئل ٹینکر کو امریکی کوسٹ گارڈ، ایف بی آئی اور ہوم لینڈ سیکیورٹی کی شمولیت سے ایک مربوط آپریشن میں ضبط کر لیا گیا تھا۔
صدر ٹرمپ نے بدھ کے روز اس جہاز کی ضبط کرنے کی تصدیق کی اور اسے امریکی پابندیوں کے نفاذ کے تحت ضبط کیا جانے والا سب سے بڑا جہاز قرار دیا۔ وائٹ ہاؤس کے ترجمان نے اعلان کیا کہ امریکہ اس آئل ٹینکر پر قبضہ کر کے اپنی ایک بندرگاہ پر منتقل کر رہا ہے۔
آپ کا تبصرہ