مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ونیزویلا کے وزیر خارجہ ایوان گیل پینٹو نے الجزیرہ نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا ملک سیاسی طور پر مستحکم ہے اور ونیزویلا اس امن و استحکام کو برقرار رکھنے کی بھرپور کوشش کر رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ونیزویلا نے خطے کے تمام ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ امن و استحکام کا دفاع کریں۔ ونیزویلا کے خلاف کوئی بھی جارحانہ اقدام دراصل پورے خطے کے خلاف جارحیت تصور کیا جائے گا۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ ان کا ملک اس وقت مکمل ہائی الرٹ ہے، تاہم امن و سکون کی فضا قائم ہے اور اقتصادی لحاظ سے ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ونیزویلا اپنی خودمختاری اور آزادی کو برقرار رکھتے ہوئے دنیا کے تمام ممالک کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنا رہا ہے۔ ہم صدر نکولس مادورو کی قیادت میں قومی اتحاد کے دائرے میں امن کو مستحکم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حکومت نے منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کے بہانے ونیزویلا پر جنگ مسلط کی اور اس ملک میں بعض اہداف کو بمباری کا نشانہ بنایا۔ امریکہ نے ان حملوں کے ساتھ ساتھ ونیزویلا پر سیاسی دباؤ بھی بڑھایا تاکہ صدر مادورو کو اقتدار سے ہٹایا جا سکے اور خطے میں ان کے اثر و رسوخ کو محدود کیا جا سکے۔
آپ کا تبصرہ