مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امریکی محکمہ خزانہ کا وفد آج (اتوار) لبنان کے صدر جوزف عون سے ملاقات کرے گا۔
عرب میڈیا نے اپنی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ وائٹ ہاؤس کے دو اعلیٰ عہدیدار بھی آج بیروت روانہ ہو رہے ہیں۔
یہ دونوں امریکی حکام واشنگٹن کی جانب سے حزب اللہ کے بارے میں لبنانی حکومت کے لیے سخت پیغام لے کر آ رہے ہیں۔
امریکی محکمہ خزانہ نے اعلان کیا ہے کہ مذکورہ وفد یورپ اور خطے کا دورہ کرے گا تاکہ ایران پر دباؤ ڈالنے کے ممکنہ طریقوں کا جائزہ لیا جا سکے۔
دوسری جانب، اسرائیلی چینل "کان" نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل نے لبنان کے ساتھ جنگ بندی معاہدے کی نگرانی کرنے والے امریکی حکام کو خبردار کیا ہے کہ حزب اللہ نے حالیہ ہفتوں میں شام سے لبنان میں سینکڑوں میزائل منتقل کیے ہیں، اپنے تباہ شدہ لانچنگ پیڈز کی مرمت کی ہے اور ہزاروں نئے جنگجو بھرتی کیے ہیں۔
اسرائیلی دعوے کے مطابق یہ اقدامات لبنانی حکومت کے حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے کے فیصلے کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ اسرائیل نے امریکی حکام کے ذریعے لبنانی فوج کو پیغام دیا ہے کہ آپ حزب اللہ کے خلاف مطلوبہ اقدامات نہیں کر رہے، لہٰذا اسرائیل لبنان میں اپنے حملے جاری رکھے گا۔
آپ کا تبصرہ