مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، انسانی حقوق کی عالمی تنظیم "ایمنسٹی انٹرنیشنل" نے ایک بیان میں کہا ہے کہ سوڈان میں جاری صورتحال اتنی ہولناک ہے کہ اسے الفاظ میں بیان کرنا مشکل ہے۔ تنظیم نے خبردار کیا ہے کہ ملک میں جاری خانہ جنگی نے انسانی المیے کی بدترین شکل اختیار کر لی ہے۔
بیان کے مطابق، اب تک سوڈان میں ہزاروں شہری قتل ہو چکے ہیں، جبکہ 12 ملین سے زائد افراد کو اپنا گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہونا پڑا ہے۔ ان میں بڑی تعداد خواتین، بچوں اور بزرگوں کی ہے جو انتہائی کٹھن حالات میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل نے مزید کہا کہ سوڈان میں 14 ملین سے زائد بچے ایسے ہیں جنہیں زندہ رہنے کے لیے فوری انسانی امداد کی ضرورت ہے۔ خوراک، پانی، طبی سہولیات اور پناہ گاہوں کی شدید قلت نے بچوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔
تنظیم نے خاص طور پر "ریپڈ سپورٹ فورسز" (RSF) کے ظلم و بربریت کو برملا کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ سوڈان کے مختلف علاقوں میں گھر گھر جا کر قتل عام، جنسی تشدد اور دیگر وحشیانہ حملے کر رہے ہیں۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر اس بحران کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔
آپ کا تبصرہ