مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران اور آذربائیجان نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے اور باقی رکاوٹوں کو دور کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور آذربائیجان کے صدر الہام علییوف کے خصوصی معاون خلف خلفوف کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان جاری تعاون، جنوبی قفقاز میں علاقائی استحکام اور مستقبل کے اشتراکِ عمل کے امکانات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
عراقچی نے کہا کہ ایران کی پالیسی ہے کہ آذربائیجان کے ساتھ جامع تعلقات کو فروغ دیا جائے اور اس راہ میں حائل تمام رکاوٹوں کو دور کیا جائے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان قربت، ثقافتی رشتوں اور مشترکہ مفادات کو دیرپا دوستی کی فطری بنیاد قرار دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران جنوبی قفقاز میں امن و استحکام کو تمام علاقائی اقوام کے لیے ناگزیر سمجھتا ہے اور سفارتی ذرائع سے تنازعات کے حل کو ہی واحد راستہ مانتا ہے۔ ایران نے علاقائی خودمختاری اور سرحدی سالمیت کے احترام پر زور دیتے ہوئے کسی بھی جغرافیائی تبدیلی کو مسترد کیا۔
یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب دو ماہ قبل امریکہ کی ثالثی میں آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان معاہدہ طے پایا تھا، جس پر ایران نے غیر ملکی مداخلت کے ممکنہ اثرات پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔
ایرانی وزیر خارجہ نے امید ظاہر کی کہ یہ امن معاہدہ خطے میں نئے دور کے استحکام اور تعاون کا آغاز ثابت ہوگا۔
آپ کا تبصرہ