مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، عراق کی نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے سربراہ اور عراقی فوج کے چیف آف اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل عقیل مصطفی مہدی نے ایران کے دورے کے دوران تہران میں اسلامی جمہوریہ ایران کی آرمی کی کمانڈ اینڈ اسٹاف یونیورسٹی (DAFOS) کے سربراہ بریگیڈیئر جنرل حسین ولیوند زمانی سے ملاقات کی۔
جنرل مصطفی مہدی نے اس موقع پر ایران کی جانب سے عراق کو دی جانے والی مسلسل حمایت اور تعاون کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ دونوں دوست اور ہمسایہ ممالک کے درمیان خوشگوار تعلقات مستقبل میں مزید مضبوط ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران اور عراق کے تعلقات تاریخی نوعیت کے ہیں، جو حالیہ برسوں میں مزید بہتر ہوئے ہیں۔ عراقی قوم ایران کی غیر متزلزل حمایت اور تعاون کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔
انہوں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ عراقی افسران ایرانی فوجی ادارے میں تعلیم حاصل کررہے ہیں اور فارغ التحصیل ہو رہے ہیں، جو دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کی علامت ہے۔
ملاقات کے دوران بریگیڈیئر جنرل حسین ولیوند زمانی نے کہا کہ ایران نے عراق کے ساتھ قریبی تعاون اور روابط قائم کیے ہیں اور ان تعلقات کو مزید فروغ دینے میں گہری دلچسپی رکھتا ہے۔
دورے کے دوران جنرل مہدی نے DAFOS کی تربیتی کلاسز، وار گیم سینٹر، جنگی اکیڈمی، فوجی میوزیم، لائبریری اور فارسی زبان کی کلاسز کا بھی مشاہدہ کیا۔
آپ کا تبصرہ