مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایران اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مستقل ارکان روس اور چین کا اس بات پر اتفاق ہے کہ اسنیپ بیک میکانزم فعال نہیں ہوا۔
مقامی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں وزیر خارجہ عباس عراقچی نے وضاحت کی کہ ایران، روس اور چین کے مشترکہ مؤقف کے مطابق، اسنیپ بیک میکانزم فعال نہیں ہوا اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 2231 باضابطہ طور پر ختم ہوچکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس قرارداد کے اختتام کے ساتھ ہی ایران پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی تمام پابندیاں مکمل طور پر اٹھا لی گئی ہیں، اور ایران کا جوہری معاملہ سلامتی کونسل کے ایجنڈے سے خارج کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے اسنیپ بیک میکانزم سے متعلق ماضی کی گفتگو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس سے متعلق تمام تفصیلات مذاکراتی دستاویزات میں درج ہیں اور میں نے اپنے سابقہ انٹرویوز میں بارہا ان کی وضاحت کی ہے۔
عراقچی نے مزید کہا کہ اس مؤقف کو عالمی سطح پر وسیع حمایت حاصل ہے۔ حال ہی میں منعقدہ غیر وابستہ تحریک کے اجلاس میں 120 سے زائد ممالک نے اس مؤقف کی حمایت کی، جو اجلاس کے اختتامی اعلامیے میں بھی شامل ہے۔
آپ کا تبصرہ