12 اکتوبر، 2025، 8:41 AM

حماس کا مصر میں جنگ بندی معاہدے پر دستخط کی تقریب میں شرکت سے انکار

حماس کا مصر میں جنگ بندی معاہدے پر دستخط کی تقریب میں شرکت سے انکار

حماس نے اعلان کیا ہے کہ وہ مصر میں ہونے والی جنگ بندی معاہدے پر دستخط کی تقریب میں شریک نہیں ہوگی اور تمام ضروری اقدامات ثالثی مذاکرات کے ذریعے مکمل کر چکی ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس نے اعلان کیا ہے کہ وہ مصر کے شہر شرم الشیخ میں ہونے والی جنگ بندی معاہدے پر دستخط کی رسمی تقریب میں شرکت نہیں کرے گی۔

رپورٹس کے مطابق، حماس کے سیاسی بیورو کے رکن حسام بدران نے کہا کہ حماس نے جنگ بندی سے متعلق تمام ضروری اقدامات مصری اور قطری ثالثوں کے ذریعے مکمل کر لیے ہیں، لہٰذا اس تقریب میں شرکت کی ضرورت محسوس نہیں ہوتی۔

انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے منصوبے کے تحت حماس کی قیادت کو غزہ سے نکالنے سے متعلق قیاس آرائیوں کو بے بنیاد اور بے معنی قرار دیا اور کہا کہ کوئی بھی فلسطینی اس بات پر رضامند نہیں ہو سکتا۔

بدران نے مزید کہا کہ حماس، اسرائیل کی جانب سے کسی بھی نئی جارحیت کا بھرپور جواب دے گی، اور آئندہ مرحلے کی بات چیت زیادہ سخت اور پیچیدہ ہوگی۔

واضح رہے کہ مصری صدارتی دفتر کے مطابق، شرم الشیخ میں پیر کے روز صدر عبدالفتاح السیسی اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مشترکہ صدارت میں غزہ میں جنگ کے خاتمے کے لیے امن اجلاس منعقد کیا جائے گا، جس میں 20 سے زائد ممالک کے رہنما شرکت کریں گے۔ اس موقع پر جنگ بندی معاہدے پر باضابطہ دستخط متوقع ہیں۔

News ID 1935892

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha