مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سلامتی کونسل آج روس اور چین کی پیش کردہ قرارداد پر ووٹنگ کرے گی، جس میں ایران پر دوبارہ عالمی پابندیاں عائد کرنے کے فیصلے کو 6 ماہ کے لیے مؤخر کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے "رائٹرز" کے مطابق تمام عالمی پابندیاں آج رات 8 بجے (امریکی وقت کے مطابق) دوبارہ نافذالعمل ہونی ہیں۔
اس سے قبل، برطانیہ، جرمنی اور فرانس نے ایران پر الزام عائد کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ایران نے 2015 کے جوہری معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے، حالانکہ امریکی یکطرفہ اخراج 2018 اور یورپی فریقین کی خلاف ورزیاں نظر انداز کی گئی ہیں۔ ان یورپی ممالک نے امریکہ کے "زیادہ سے زیادہ دباؤ" کی پالیسی کے تحت اسنپ بیک میکانزم کو فعال کرنے کا 30 روزہ عمل شروع کیا تھا۔
رائٹرز کے مطابق سلامتی کونسل کے 15 ارکان میں سے قرارداد کی منظوری کے لیے کم از کم 9 ووٹ اور اس کے ساتھ ساتھ امریکہ، برطانیہ یا فرانس کی طرف سے ویٹو نہ ہونا لازمی ہے۔ تاہم سفارتکاروں کا کہنا ہے کہ قرارداد کی منظوری کا امکان کم ہے اور زیادہ تر رکن ممالک ووٹنگ میں غیرجانبداری اختیار کریں گے۔
آپ کا تبصرہ