مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مصری ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ اسرائیل کے وہ منصوبے ناکام بنا دیے گئے ہیں جن کے تحت حماس کے رہنماؤں کو مصر کی سرزمین پر نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تھی۔ اس انکشاف کے بعد قاہرہ نے اعلان کیا ہے کہ تل ابیب کے ساتھ سیکیورٹی تعاون کو عارضی طور پر محدود کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مصر نے اسرائیل کے ساتھ اپنے سیکیورٹی رابطوں اور چینلز پر نظرثانی کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ اقدام اس لیے کیا گیا تاکہ قاہرہ اپنی خودمختاری اور غزہ جنگ میں ثالث کے طور پر اپنے کردار کا تحفظ کرسکے۔
مصری حکام نے واضح کیا ہے کہ حماس کے رہنماؤں کو قاہرہ میں نشانہ بنانے کی کسی بھی کوشش کو مصر کی خودمختاری کی سنگین خلاف ورزی اور براہ راست اعلان جنگ سمجھا جائے گا۔ مصر اپنی سرزمین پر ایسے کسی بھی حملے کو برداشت نہیں کرے گا۔
برطانوی ویب سائٹ مڈل ایسٹ آئی کی رپورٹ کے مطابق مصری انٹیلی جنس نے ماضی میں بھی اسرائیلی کوششوں کو ناکام بنایا تھا، جب جنگ بندی کے لیے مذاکرات کے دوران تل ابیب نے قاہرہ میں موجود فلسطینی رہنماؤں کو ختم کرنے کا منصوبہ بنایا تھا۔
آپ کا تبصرہ