مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کی وزارت خارجہ نے امریکہ کی جانب سے ایران کے توانائی اور تیل کے شعبوں پر نئی پابندیوں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے اسے غیرقانونی، ظالمانہ اور ایرانی قوم کے خلاف کھلی دشمنی پر مبنی اقدام قرار دیا ہے۔
ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا کہ ان پابندیوں کا مقصد ایران کو کمزور کرنا اور ایرانی عوام کے بنیادی حقوق کو پامال کرنا ہے۔ ایرانی قوم ان پابندیوں کے مقاصد سے مکمل طور پر باخبر ہے اور وہ اپنے وقار اور مفادات کا بھرپور طریقے سے دفاع کرے گی۔
بقائی نے امریکی پابندیوں کو ایرانی معیشت و عوامی حقوق پر شرپسندانہ حملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات بین الاقوامی قانون اور انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہیں اور ان کا شمار انسانیت کے خلاف جرائم میں ہوتا ہے۔ امریکہ کو ان اقدامات پر انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے لیے جوابدہ ٹھہرایا جانا چاہیے۔
ترجمان وزارت خارجہ نے سات دہائیوں پر محیط امریکی مظالم کی طرف اشارہ کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ پابندیاں اور دھمکیاں ایرانی قوم کے پختہ عزم اور قومی خودمختاری کے تحفظ کے جذبے کو متزلزل نہیں کرسکتیں۔
آپ کا تبصرہ