مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے تہران کی اوین جیل پر اسرائیلی فضائی حملے کو وحشیانہ اور غیرقانونی اقدام اور جنگی جرم قرار دیا ہے۔
انسانی حقوق کی عالمی تنظیم نے مطالبہ کیا ہے کہ اس واقعے کی بین الاقوامی سطح پر آزاد، غیر جانبدار اور شفاف تحقیقات کی جائیں۔
تنظیم نے باضابطہ بیان میں کہا ہے کہ اسرائیلی افواج کی جانب سے اوین جیل پر کی جانے والی فضائی بمباری نہ صرف بین الاقوامی انسانی قانون کی کھلی خلاف ورزی ہے بلکہ یہ عمل جان بوجھ کر شہریوں کو نشانہ بنانے کے مترادف ہے، جو کہ جنگی جرم کے زمرے میں آتا ہے۔
بیان کے مطابق اس حملے میں درجنوں عام ایرانی شہری شہید جبکہ متعدد زخمی ہوئے، اور جیل کے اندر چھ اہم حصے مکمل طور پر تباہ ہو گئے ہیں۔
ایمنسٹی نے واضح کیا ہے کہ کوئی بھی جیل اپنی نوعیت کے اعتبار سے شہری تنصیبات میں شمار ہوتی ہے، اور اب تک ایسے شواہد سامنے نہیں آئے جس سے یہ ثابت ہو کہ اوین جیل کسی بھی طرح فوجی لحاظ سے جائز ہدف تھا۔
تنظیم نے عالمی برادری، اقوام متحدہ، اور بین الاقوامی عدالت سے اپیل کی ہے کہ وہ اس واقعے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے، فوری اور مؤثر تحقیقات کا آغاز کریں اور اسرائیلی حکومت کو انسانی حقوق کی ان سنگین خلاف ورزیوں پر جواب طلب کریں۔
آپ کا تبصرہ