مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی ٹریفک پولیس کے سربراہ سردار سید تیمور حسینی نے اربعین حسینی 2025ء کے موقع پر پاکستانی زائرین کی بسوں پر سخت نگرانی کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ مشرقی سرحدوں، بالخصوص میرجاوہ اور ریمدان کے راستے داخل ہونے والی بسوں کی نقل و حرکت پر پولیس کی خصوصی توجہ مرکوز ہے۔
انہوں نے ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا کہ اربعین کے ایام میں زائرین کو باحفاظت اور با سہولت سفر فراہم کرنے کے لیے پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہری بسوں میں مسافروں کی گنجائش 20 افراد کردی گئی ہے، تاہم ساتھ ہی سخت نگرانی اور حفاظتی تدابیر پر بھی عمل درآمد کیا جائے گا تاکہ کسی ممکنہ حادثے سے بچا جاسکے۔
سردار حسینی نے پاکستانی بسوں کے حوالے سے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ہر بس کے لیے ضروری قرار دیا گیا ہے کہ اس میں کم از کم دو مستند اور ماہر ڈرائیور موجود ہوں۔ یہ فیصلہ گزشتہ سال یزد میں پیش آنے والے ایک افسوسناک حادثے کے بعد کیا گیا، جس میں عتبات عالیات جانے والی ایک پاکستانی زائرین کی بس الٹنے سے 28 افراد جاں بحق اور 20 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔
ٹریفک پولیس کے سربراہ نے مزید کہا کہ ہم تمام دستیاب وسائل جیسے مینی بسیں، وینز اور مجاز پرائیویٹ گاڑیوں کے ذریعے زائرین کو مکمل اور بامعنی سفری سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ تمام متعلقہ اداروں کے درمیان ہم آہنگی، موثر منصوبہ بندی اور مسلسل نگرانی اربعین کے دوران پولیس کی تین بنیادی ترجیحات میں شامل ہیں تاکہ زائرین کا سفر محفوظ، منظم اور پرامن طور پر انجام پاسکے۔
آپ کا تبصرہ