28 جون، 2025، 7:14 AM

امریکی سینیٹ میں ٹرمپ کے ایران پر فوجی حملے کے اختیارات محدود کرنے کی کوشش ناکام

امریکی سینیٹ میں ٹرمپ کے ایران پر فوجی حملے کے اختیارات محدود کرنے کی کوشش ناکام

امریکی سینیٹ میں صدر ٹرمپ کے جنگی اختیارات میں کمی کا بل اکثریت کی رائے حاصل کرنے میں ناکام رہا۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امریکی سینیٹ نے ایک اہم قرارداد کو مسترد کردیا ہے جس کا مقصد صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایران کے خلاف ممکنہ فوجی کارروائی کے اختیارات کو محدود کرنا تھا۔ اس قرارداد کو ڈیموکریٹ سینیٹر ٹم کین نے پیش کیا تھا، جس کے حق میں 47 جبکہ مخالفت میں 53 ووٹ ڈالے گئے۔

یہ قرارداد 1973 کے جنگی اختیارات سے متعلق قانون کی بنیاد پر تیار کی گئی تھی اور اس کا مقصد صدر کو ایران کے خلاف کسی بھی فوجی اقدام سے قبل کانگریس سے باقاعدہ اجازت لینے کا پابند بنانا تھا۔

ڈیموکریٹ سینیٹر ٹم کین نے سینیٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جنگ کا فیصلہ کسی ایک شخص کے جذبات یا ذاتی رجحانات کی بنیاد پر نہیں ہونا چاہیے، یہ ایک اجتماعی اور آئینی فیصلہ ہے۔

سینیٹ کی رائے شماری میں ریپبلکن سینیٹر رینڈ پال نے ڈیموکریٹس کا ساتھ دیا، جب کہ ڈیموکریٹک سینیٹر جان فیٹرمن نے اپنی پارٹی سے ہٹ کر ریپبلکنز اور اسرائیل حامی موقف اپنایا۔

یہ صورتحال 2020 کی مشابہہ ایک قرارداد کی یاد دلاتی ہے جو کانگریس سے منظور تو ہوئی تھی، مگر صدر ٹرمپ کے ویٹو کے باعث نافذ نہ ہوسکی۔

ذرائع کے مطابق کانگریس میں بھی اسی طرز کی قرارداد پیش کرنے کے امکانات موجود ہیں تاہم ایران اور اسرائیل کے حالیہ جنگ بندی کے معاہدے کے بعد کچھ ریپبلکنز اس تجویز سے پیچھے ہٹ گئے ہیں۔

ایوان نمائندگان کے اسپیکر مائیک جانسن نے اس قرارداد کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنگی اختیارات سے متعلق قانون امریکی آئین سے متصادم ہے۔

News ID 1933947

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha