مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی مسلح افواج کے سربراہ جنرل امیر حاتمی نے مرکزی آپریشن سینٹر ذوالفقار سے ویڈیو لنک کے ذریعے مختلف علاقوں میں موجود اعلیٰ فوجی افسران سے گفتگو کے دوران ان کی خدمات کو سراہا، اور صہیونی حکومت کے خلاف کاروائیوں میں سرگرم تمام سپاہیوں کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا اور زخمیوں کی صحت یابی کی دعا کی۔
جنرل حاتمی نے کہا کہ آپ کی کامیاب کارروائیوں نے دشمن کو اس حد تک بے بس کر دیا کہ آج اصل منصوبہ ساز امریکہ کو میدان میں خود اترنا پڑا۔
جنرل امیر حاتمی نے مزید کہا کہ ہم انقلاب اسلامی کی تاریخ میں اور حتیٰ کہ اس سے پہلے بھی، امریکیوں کی جانب سے بارہا جرائم کے گواہ رہے ہیں۔ یہ کوئی نیا واقعہ نہیں۔ 1979 کے اسلامی انقلاب کے دوران اور خاص طور پر جنگ کے آخری ایّام میں، امریکیوں کے جرائم بار بار سامنے آئے۔ ہر بار جب انہوں نے کوئی جرم کیا، ایران نے پوری قوت سے اس کا جواب دیا—اور اس بار بھی یہی ہوگا۔
ایرانی مسلح افواج کے سربراہ نے فوج قوم پر قربان کے شعار پر پختہ عمل درآمد کا عزم دہراتے ہوئے کہا کہ جمعہ کے روز عوام کی عظیم شرکت اور میدانِ عمل میں ان کی موجودگی نے ہماری ذمہ داری کو دوگنا کردیا ہے۔ ہم اس باشعور اور عظیم ملت کے شکر گزار ہیں۔ میں تمام ایرانی عوام کے حضور خلوصِ دل سے عرض کرتا ہوں کہ آج ہم اپنے وعدے اور شعار پر پہلے سے کہیں زیادہ پختہ ہیں۔ ہم اپنے تمام وسائل کے ساتھ ایران کی آزادی، ارضی سالمیت اور مقدس اسلامی نظام کا دفاع کریں گے۔
جنرل حاتمی نے مزید کہا کہ ہم فتح کے لیے لڑیں گے۔ اگرچہ ہم شہادت کو ایک عظیم مقام اور فیض سمجھتے ہیں، لیکن ہمارا عزم فتح حاصل کرنا ہے۔
آپ کا تبصرہ