مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزیر دفاع جنرل عزیز نصیرزادہ نے شہید حاج قاسم سلیمانی کی برسی کے موقع پر تمام شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ شہید قاسم سلیمانی نے اسلامی جمہوریہ ایران اور دنیائے اسلام کے لیے بے مثال قربانیاں دیں۔ ان کا مکتب عاشورا، اسلام اور انقلاب کے مکتب سے جدا نہیں تھا۔ یہ تمام مکاتب ظلم کے خلاف جدوجہد، استکبار کے خلاف مزاحمت اور مظلوموں کے دفاع کے اصولوں پر مبنی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہید سلیمانی کی ایک اہم خصوصیت امت مسلمہ کے درمیان معنی خیز روابط قائم کرنا تھی۔ تقریباً 22 سال تک سپاہ پاسداران کی قدس فورس کی قیادت کے دوران وہ افغانستان، عراق، شام اور یمن جیسے ممالک میں اسلامی اتحاد کی علامت بنے۔
وزیر دفاع نے شہید سلیمانی کی عاجزی، محنت اور اخلاص کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ دشمن بھی ان کی ذہانت، جدت پسندی اور عملی صلاحیت کے معترف تھے۔ وہ حکمت عملی کو تیزی سے عملی شکل دینے کے ماہر تھے اور کبھی مواقع کو ضائع نہیں ہونے دیتے تھے۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ شہید سلیمانی کا اہم ترین ورثہ حزب اللہ جیسی طاقتیں ہیں جن کو دنیا کے دیگر خطوں میں بھی نمونہ قرار دیا جارہا ہے۔
آپ کا تبصرہ