مہر خبررساں ایجنسی نے اسپوٹنک کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ سعودی عرب کے شہر جدہ کے ریلوے اسٹیشن پر اچانک خوفناک آگ بھڑک اُٹھی جس کے نتیجے میں 9 افراد زخمی ہوگئے ہیں جبکہ بڑے پیمانے پر مالی نقصان ہوا ہے۔ اطلاعات کے مطابق جدہ میں ہائی اسپیڈ ٹرین ریل اسٹیشن پر اچانک آگ بھڑک اُٹھی اور دیکھتے ہی دیکھتے آگ بلند شعلوں میں تبدیل ہوگئی جس کے باعث آسمان پر کالے بادل چھا گئے۔ خوش قسمتی سے حادثے کے وقت اسٹیشن پر لوگوں کی تعداد معمول سے کم تھی۔
ریسکیو ادارے، سول ڈیفنس اور طبی ٹیم نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر امدادی کاموں کا آغاز کیا اور 6 گھنٹے کی مسلسل مشقت کے بعد آگ پر قابو پالیا ہے جس کے لیے سعودی فوج کے ایک ہیلی کاپٹر کی بھی مدد لی گئی۔
ایمبولینس کے ذریعے 5 زخمیوں کو اسپتال لایا گیا ہے جن کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔ 4 زخمیوں کو جائے وقوعہ پر ہی طبی امداد فراہم کی گئی۔ آگ لگنے کی وجوہات کا تعین کرنے کے لیے حکومت نے ایک انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔
آپ کا تبصرہ