مہر خبررساں ایجنسی نے ٹائمز آف انڈیا کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ہندوستان کی ریاست اترپردیش میں پولیس نے بیوی کو بیک وقت تین طلاق دینے پر شوہر کو گرفتار کرلیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس 22 اگست کو ہندوستان کی اعلیٰ عدالت نے اپنے ایک فیصلے میں مسلمان مردوں کی جانب سے ایک ہی وقت میں 3 طلاق کے عمل کو غیر آئینی قرار دے دیا تھا۔
کورٹ کے ججز کے ایک پینل نے اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ تین طلاق کا عمل مذہب میں لازم نہیں اور اخلاقی طور پر یہ آٓئین کی خلاف ورزی ہے۔ذرائع کے مطابق ہندوستان میں ایک ساتھ تین طلاق دینے پر یہ پہلی گرفتاری عمل میں آئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق ادھر اترپردیش میں 32 سالہ عارف حسین کی جانب سے ایک ساتھ تین طلاق دینے پر ان کی اہلیہ مقامی تھانے میں پہنچ گئی۔ پولیس نے اہلیہ کی درخواست پر مسلم وومن (پروٹیکشن رائٹس آن میرج) آرڈیننس کے تحت مقدمہ درج کرکے عارف حسین کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق عارف حسین کے خلاف مقدمے میں آئی پی سی کے تحت خواتین پر تشدد کا کیس بھی شامل کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے پولیس نے بتایا کہ خاتون کی عارف حسین کے ساتھ 10 برس قبل شادی ہوئی تھی۔
آپ کا تبصرہ