مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق حج بیت اللہ الحرام کے موقع پرمکہ مکرمہ میں خانہ کعبہ کے غلاف کی تبدیلی کی روح پرورتقریب منعقد ہوئی۔حج کے دوران مکہ مکرمہ میں غلاف کعبہ کی تبدیلی کی روح پرورتقریب ہوئی، پرانے غلاف کو اتارنے کے بعد خانہ کعبہ کو نئے غلاف سے آراستہ کر دیا گیا ہے۔ نئے غلاف کعبہ کو حرم میں لانے کے اہتمام میں کسوہ فیکٹری کے اہلکار پیش پیش رہے جب کہ مکہ مکرمہ کے گورنر سمیت اہم سیاسی شخصیات تقریب میں شریک ہوئیں۔
غلافِ کعبہ کی تیاری کے لیے 20 لاکھ ریال لاگت آئی اور200 افراد نے بیک وقت کام کیا۔ نئے غلاف کی تیاری میں 670 کلو ریشم ،120 کلوسونا اور 100 کلوچاندی استعمال ہوئی ہے۔ غلاف کعبہ پر بیت اللہ کی حرمت کے ساتھ ساتھ حج کی فرضیت اور فضیلت کے بارے میں قرآنی آیات کشیدہ ہیں۔ 20 لاکھ ریال مالیت کا غلاف کعبہ کا رقبہ 658 مربع میٹر ہے جسے 47 حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے اور ہر حصہ 14 میٹر اور 95 سینٹی میٹرپرمشتمل ہے۔ واضح رہے کہ اتارے جانے والے غلاف کے حصوں کو غیر ملکی شخصیات کو ہدیہ کر دیا جائے گا۔
آپ کا تبصرہ