مہر خبررساں ایجنسی نے ہندوستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ہندوستان کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں آج ہندوستان کا سترواں یوم ازادی قومی جوش اور جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے ہندوستان کے 70ویں یوم آزادی پرسب سے بڑی تقریب دہلی کے تاریخی لال قلعہ میں منعقد ہوئی جس سے ہندوستانی وزير اعظم نے خطاب کیا۔ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی نے کہاہے کہ نہ گالی سے اور نہ گولی سے، کشمیر کا مسئلہ گلے لگانے سے حل ہو گا۔اطلاعات کے مطابق ہندوستان کے 70ویں یوم آزادی پر دہلی کے تاریخی لال قلعہ میں خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ ہمیں کشمیر کے معاملے پر مل کر کام کرنا ہو گاتاکہ کشمیر کی جنت کو ہم دوبارہ محسوس کر سکیں اور ہم اس کے لیے پرعزم ہیں۔ہندوستانی وزیر اعظم نے پاکستان کا نام لیے بغیردعویٰ کیا کہ 'جب سرجیکل اسٹرائیک ہوئیں تو دنیا نے ہماری طاقت کو تسلیم کیا، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہم اکیلے نہیں ہیں۔ دنیا کے بہت سے ملک ہماری مدد کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نیا ہندوستان جمہوریت کی سب سے بڑی طاقت ہے۔ جمہوریت صرف ووٹ تک محدود نہیں۔ نئے ہندوستان کی جمہوریت ایسی ہو گی جس میں نظام کے بجائے عوام سے ملک چلے گا۔
نریندر مودی نے اپنی حکومت کی کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کالے دھن اور بدعنوانی کے خلاف ہماری جنگ جاری رہے گی،ہم ٹیکنالوجی کے ساتھ شفافیت لانے کی سمت میں کام کر رہے ہیں۔ملک میں نوٹ بندی کے معاملے پر انہوں نے کہاکہ نوٹ بندی سے ہم نے کالے دھن کو کنٹرول کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ تقریباً تین لاکھ کروڑ روپیہ بینکاری نظام میں واپس آیا۔ہندوستان میں اقلیتوں کے خلاف تشدد کے واقعات میں اضافے کا ذکر کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ 'عقیدے کے نام پر تشدد کو بھارت میں قبول نہیں کیا جائے گا۔ ملک امن، اتحاد اور خیر سگالی سے چلتا ہے، سب کو ساتھ لے کر چلنا ہماری تہذیب اور ثقافت ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک وقت ہندوستان چھوڑو کا نعرہ تھا اور آج ہندوستان جوڑو کا نعرہ ہے۔ہندوستانی وزیراعظم نے تین طلاق کے معاملے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس کے خلاف لڑنے والی خواتین کی مدد کی جائے گی۔مودی نے گورکھپور کے ایک ہسپتال میں درجنوں بچوں کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا۔
آپ کا تبصرہ