مہر خبررساں ایجنسی نے ایکسپریس نیوز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستانی پولیس نے ملتان کے ایک نجی بینک سے ایک کروڑ روپے کی ڈکیتی میں ملوث 5 ڈاکوؤں کو ہلاک کردیا ہے۔اطلاعات کے مطابق ایک ماہ قبل ملتان کے نجی بینک میں 10 ڈاکوؤں نے ایک کروڑ روپے کی ڈکیتی کی تھی اور فرار ہوگئے تھے، ڈاکو سکیورٹی گارڈ کا اسلحہ اور بینک کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی ساتھ لے گئے تھے جب کہ واردات پر آئی جی پنجاب نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کے احکامات جاری کیے تھے جس کے بعد پولیس نے تین ڈاکوؤں کو رحیم یار خان اور سندھ سے گرفتار کیا تھا جن کے قبضے سے لاکھوں روپے بھی برآمد کیے گئے تھے۔ذرائع کےمطابق پولیس 3 گرفتار ڈاکوؤں نذیر، ساجد اور غلام یاسین کو ان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری میں مدد کے لیے لے جارہی تھی کہ اس دوران ڈاکوؤں کے ساتھیوں نے پولیس پر حملہ کردیا، 2 موٹرسائیکل اور کار سوار ڈاکوؤں نے پولیس پر حملہ کیا۔پولیس کے مطابق زیر حراست تینوں ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے مارے گئے جب کہ پولیس کی جوابی فائرنگ میں 2 ڈاکو ہلاک اور دیگر فرار ہوگئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ڈاکوؤں کے قبضے سے اسلحہ، موٹرسائیکلیں اور کار برآمد کرلی گئی ہے اور ان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپے مارے جارہے ہیں۔
پاکستانی پولیس نے ملتان کے ایک نجی بینک سے ایک کروڑ روپے کی ڈکیتی میں ملوث 5 ڈاکوؤں کو ہلاک کردیا ہے۔
News ID 1866829
آپ کا تبصرہ