مہر خبررساں ایجنسی نےایکسپریس نیوز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کے صوبہ پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آ گئے جب کہ کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہو گئی ہے اور نظام زندگی درہم و برہم ہوگیا ہے۔ اطلاعات کےمطابق لاہور اور گردو نواح میں آج صبح ہونے والی موسلا دھار بارش نے لاہور کا حلیہ ہی بگاڑ کر رکھ دیا ہے، اچھرہ، شادمان، مسلم ٹاؤن، گلبرگ، ماڈل ٹاؤن، ہربنس پورہ، گڑھی شاہو، پنجاب یونیورسٹی، رائے ونڈ روڈ، چائنا اسکیم، شاد باغ، ڈیوس روڈ، کینال روڈ، فیروزپور روڈ، مصری شاہ روڈ، موریہ پل اور اعظم ٹاؤن میں سڑکیں اور انڈر پاسز ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگی ہیں جب کہ کئی نشیبی علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہو گیا ہے۔
تیز بارش کے باعث سڑکوں پر پانی ہونے سے ٹریفک جام ہو گیا اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں جس کی وجہ سے بچوں کو اسکول جانے اور شہریوں کو دفاتر جانے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ بارش کے باعث شہر کے 120 فیڈر ٹرپ کرنے سے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہو گئی۔ بارش کے باعث علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن بھی معطل کر دیا گیا ہے۔
آپ کا تبصرہ