مہر خبررساں ایجنسی کے نامہ نگار کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے دارالحکومت تہران میں آج نماز جمعہ آیت اللہ کاظم صدیقی کی امامت میں منعقد ہوئی جس میں لاکھوں مؤمنین نے شرکت کی۔ خطیب جمعہ نے آئندہ جمعہ کو ہونے والے پارلیمانی انتخاب کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی عوام 26 فروری بروز جمعہ کو ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں بھر پور شرکت کرکے قوی، مضبوط اور وفادار پارلیمنٹ کو تشکیل دیں گے۔
خطیب جمعہ نے کہا کہ ایرانی عوام بیلٹ بکسوں کو بھر کر ثابت کریں گے کہ وہ شہداء ، انقلاب اور امام زمانہ (عج) کے ساتھ ہیں اور انقلاب کے اہدافف اور اصولوں پر ان کا مضبوط اور مستحکم یقین ہے۔
خطیب جمعہ نے اقتدار کی منتقلی کو ملک اور قوم کےلئے مفید اور مؤثر قراریدتے ہوئے کہا کہ اقتدار کے منتقل ہونے سے ملک میں تازہ روح اور نشاط پیدا ہوجاتی ہے۔
آیت اللہ صدیقی نے کہا کہ ایرانی عوام پارلیمانی انتخابات میں بھر پور شرکت کرکے قوی ، مضبوط اور مؤثر پارلیمنٹ کو تشکیل دیں گے ۔ خطیب جمعہ نے گارڈین کونسل پر اعتراض کرنے والوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ گارڈین کونسل ملک کا اہم ادارہ ہے اور گارڈين کونسل پر اعتراض در حقیقت ملکی نظام پر اعتراض ہے۔ انھوں نے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل بھی انقلاب اسلامی کے اہم ستونوں جیسے ولایت فقیہ اور گارڈين کونسل کو اپنی تبلیغی یلغار میں نشانہ بنا رہے ہیں ۔ اگر گارڈین کونسل غیر قانونی ہے تو پھر اس کے زير نظر پارلیمانی انتخابات بھی غیر قانونی ہیں اور اس طرح پارلیمنٹ کی تشکیل بھی غیر قانونی ہے۔ خطیب جمعہ نے کہا کہ دنیا کے کسی بھی ملک میں ملک دشمن عناصر کو قومی نمائندگی نہیں دی جاتی اور گارڈین کونسل کی بھی آئينی ذمہ داری ہے کہ وہ ایسے افراد کو پارلیمنٹ میں پہنچنے سے روکے جو غیر ملکی اور سامراجی عناصر سے وابستہ ہیں۔
آپ کا تبصرہ