مہر خبررساں ایجنسی نے غیر ملکی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ قدرت نے انسان کو بے شمار پھلوں کی نعمتوں سے نوازا ہے جن میں سے انگور ایک ایسا پھل ہے جسے اس کے منفرد ذائقے کی بدولت بے انتہا پسند کیا جاتا ہے، انگور کو جنت کا میوہ بھی کہا جاتا ہے اور یہ سردیوں میں ملنے والا ایک عام پھل ہے جب کہ انگور میں بہت سے مفید غذائی اجزاء پائے جاتے ہیں جیسے پولی فینالک انٹی آکسیڈنٹ ، وٹامنز اور معدن وغیرہ جس کا استعمال انسانی صحت کے لیے بھی انتہائی مفید ہے۔
مختلف بیماریوں سے بچاؤ کے لیے:
انگور میں بہت سے مفید غذائی اجزا پائے جاتے ہیں جن میں وٹامنز اے، سی ،کیلشیم، آئرن، پوٹاشیم شامل ہیں جو انسانی صحت کے لیے انتہائی مفید ہیں جب کہ اس کے استعمال نہ صرف دمے کے مرض کا علاج کیا جاسکتا ہے بلکہ اس میں شامل وٹامنز ہڈیوں کو مضبوط کرنے میں انتہائی اہم کردار ادا کرتا ہے اس کے علاوہ انگوروں میں ایک خاص قسم کا انٹی آکسیڈنٹ پایا جاتا ہے جو کہ بڑی آنت اور غدودوں کے کینسر ، دل کی بیماریوں ، اعصابی بیماریوں ، الزائمر اور وائرل و فنگل انفیکشن کے خلاف بہت مفید ہوتا ہے۔
جلد کی خوبصورتی کے لیے:
آج کل خواتین اپنی جلد کی خوبصورتی کے لیے نہایت پریشان رہتی ہیں اور اس کی خوبصورتی کے لئے طرح طرح کے جتن میں مصروف رہتی ہیں لیکن سائنس نے اب خواتین کی یہ مشکل بھی حل کردی ہے اور جلدی امراض کے ماہرین کا کہنا ہے کہ انگورجلد کے تحفظ کے لیے ایک بہترین دوا ہے جو کہ جلد کو نہ صرف نرم ملائم بناتا ہے بلکہ جلد پر پڑنے والی جھریوں اور چھائیوں سے بھی بچاتا ہے جس سے آپ کا چہرہ جواں اور ترو تازہ نظر آتا ہے۔
بالوں کی خوبصورتی کے لیے:
انگور کی بیجوں سے حاصل کردہ تیل بالوں کو مظبوط، نرم ملائم اور چمکدار بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے کیونکہ اس میں شامل انٹی آکسیڈنٹ سرکی جلد میں خون کی رفتار کو بڑھا دیتا ہے جس کی وجہ سے بالوں کو بڑھنے میں مدد ملتی ہے اس کے علاوہ سر میں خشکی کو ختم کرنے میں بھی معاون ثابت ہوتا ہے۔
سرطان سے بچاؤ میں مددگار:
انگور میں کچھ خاص قسم کی خصوصیات بھی شامل ہیں جو سرطان جیسے موذی مرض کے خلاف لڑنے میں مددگار ثابت ہوتی ہیں اور سرطان پیدا کرنے والے سیلز کی افزائش کو بھی روکتے ہیں جب کہ اسی حوالے سے کی گئی ایک تحقیق میں بھی یہ بات ثابت ہوئی ہے کہ انگور کے رس کا استعمال نہ صرف چھاتی کے سرطان کو روکتا ہے بلکہ دیگر اقسام کے سرطانوں سے بچاؤ میں بھی مددگار ثابت ہوتا ہے۔
خون کی کمی دورکرنے میں معاون:
انگور میں شامل اہم اجزا جیسے آئرن ، کاپر اور مینگنیز جسم میں خون کی کمی کو دور کرنے میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔
ہاضمے کے لئے انہتائی مفید:
انگور کا رس ہاضمے کے لیے بھی مفید ہے۔ یہی وجہ ہے کہ متوازن غذا کھانے والے بہت سے افراد اپنی غذا میں انگور کو ضرور شامل کرتے ہیں۔
آپ کا تبصرہ