مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستنای ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےکہا ہے کہ بھارت نے ہمارے نہتے اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا، اس کی جارحیت کا ایسا منہ توڑ جواب دیں گے کہ بھارت کی آنے والی نسلیں صدیوں تک یاد رکھیں گی۔پاکستانی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ بھارت نے ہمارے نہتے اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا، بھارت کی اس بربریت کی مثال نہیں ملتی۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے سیالکوٹ کے سرحدی گاؤں کندن پور کو چھلنی چھلنی کردیا ہے لیکن پاکستانی شہریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، بھارت جان لے کہ جو قوم قربانیاں دینا جانتی ہے وہ اپنی سرزمین کے چپے چپے کی حفاظت کرنا بھی جانتی ہے، بھارتی جارحیت کا ایسا منہ توڑ جواب دیں گے کہ اس کی آنے والی نسلیں صدیوں تک یاد رکھیں گی کہ کسی دلیر، غیرت مند اور بہادر قوم سے مقابلہ ہوا تھا۔ اگر بھارت اپنی کارروائیوں سے باز نہ آیا تو پھر جنگ مختصر نہیں ہو گی اور بھارت جان لے کہ جنگ کی صورت میں نقصان اس کا ہی زیادہ ہو گا۔خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ مودی سرکار نے اپنی حکومت کی ناکامی سے عوام کی توجہ ہٹانے کے لئے سرحد پر اشتعال انگیزکارروائی جاری رکھے ہوئے ہے، بھارتی وزیراعظم کے آبائی حلقے گجرات کا یہ حال ہے کہ وہاں پر فرقہ وارانہ فسادات پھوٹ پڑے ہیں جب کہ بھارت میں آزادی کی درجنوں تحریکیں بھی چل رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اسکولوں، مدارس اور کندن پور پر حملہ کرنے والا ایک ہی دشمن ہے، بھارتی فوج کی جارحیت کا اسی کی زبان میں جواب دیا جائے گا۔
ادھر ہندوستان کا کہنا ہے کہ وہ پاکستانی سرحد سے دہشت گردوں اور دراندازوں کے خطرے کے پیش نظر اور دراندازی کو روکنے کے لئے کارروائی کرنے پر مجبور ہے۔
آپ کا تبصرہ