کابل کی پولیس کے سربراہ جنرل ظاہر مستعفی

مہر نیوز/30 نومبر/ 2014 ء : افغانستان میں حکام کے مطابق دارالحکومت کابل کی پولیس کے سربراہ جنرل ظاہر نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ افغانستان میں حکام کے مطابق دارالحکومت کابل کی پولیس کے سربراہ جنرل ظاہر نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ ان کے ترجمان کے مطابق جنرل ظاہر نے اپنے استعفے کی کوئی وجہ بیان نہیں کی ہے لیکن ان کا یہ قدم گذشتہ چند ہفتوں کے دوران شہر میں بم دھماکوں میں آنے والی تیزی کے تناظر میں دیکھا جا رہا ہے۔ سنیچر کو بھی کابل میں ایک گیسٹ ہاؤس پر طالبان کے حملے میں جنوبی افریقہ کے تین شہریوں سمیت چار افراد مارے گئے تھے۔ یہ کابل میں غیر ملکی امدادی اداروں پر گذشتہ دس دنوں میں ہونے والا تیسرا حملہ تھا۔خود جنرل ظاہر کو بھی رواں ماہ کے آغاز میں ایک خودکش حملے کا نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تھی تاہم وہ جائے وقوعہ پر موجود نہ ہونے کی وجہ سے محفوظ رہے تھے اور ان کے نائب مارے گئے تھے۔ گذشتہ دو دنوں میں شدت پسندوں نے ملک کے جنوبی صوبے ہلمند میں بھی دو حملے کیے جن میں 17 افغان فوجی مارے گئے ہیں۔

News Code 1845347

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • 1 + 3 =