27 جولائی، 2026، 4:51 PM

بشکک، شنگھائی تعاون تنظیم کے میڈیا اور تھنک ٹینکس فورم کا آغاز

بشکک، شنگھائی تعاون تنظیم کے میڈیا اور تھنک ٹینکس فورم کا آغاز

شنگھائی تعاون تنظیم کے میڈیا اور تھنک ٹینکس کے فورم کا آغاز کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں ہوگیا۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شنگھائی تعاون تنظیم کے میڈیا اور تھنک ٹینکس کے فورم کا آغاز کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں ہوگیا، جس میں 25 ممالک سے تقریبا 200 نمائندے میڈیا اداروں، تھنک ٹینکس، سرکاری اداروں اور بین الاقوامی تنظیموں کی نمائندگی کر رہے ہیں۔

فورم 26 سے 30 جولائی 2026 تک کرغزستان کی قومی خبر ایجنسی کابار اور چین کی خبر ایجنسی شینہوا کے مشترکہ تعاون سے منعقد کیا جا رہا ہے۔ یہ اجلاس شنگھائی تعاون تنظیم کے 26ویں سربراہی اجلاس سے قبل اور تنظیم کے قیام کی 25ویں سالگرہ کے موقع پر ہورہا ہے۔

اس فورم میں اسلامی جمہوری ایران کی نمائندگی صرف مہر میڈیا گروپ کر رہا ہے، جو مختلف تخصصی نشستوں اور دوطرفہ ملاقاتوں میں بھی حصہ لے گا۔

رواں سال اجلاس کا مرکزی نعرہ "نئے دور میں روحِ شنگھائی؛ مشترکہ اقدار سے عملی تعاون تک" رکھا گیا ہے۔

افتتاحی تقریب سے کرغزستان کی صدارتی اطلاعاتی سروس کے سربراہ داییزبک اورون‌بیکوف، قومی خبر ایجنسی کابار کے ڈائریکٹر مدربک شرمتالی‌یف، شینہوا نیوز ایجنسی کی نائب صدر شی یانچون، کرغزستان میں چین کے سفیر لیو جیانگ پنگ، شنگھائی تعاون تنظیم کے سیکریٹریٹ کے نمائندوں، رکن ممالک کے میڈیا سربراہان اور مہر میڈیا گروپ کے چیف ایگزیکٹو محمد مہدی رحمتی نے خطاب کیا۔

اجلاس کے دوران ڈیجیٹل میڈیا میں تبدیلی، خبررسانی میں مصنوعی ذہانت کے استعمال، سائبر سکیورٹی، جعلی خبروں اور گمراہ کن معلومات کے تدارک، اطلاعاتی تحفظ، میڈیا و تھنک ٹینکس کے درمیان تعاون اور شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے درمیان ہم آہنگی بڑھانے میں میڈیا کے کردار پر تفصیلی غور کیا جائے گا۔

شرکا مستقل تعاون کے طریقۂ کار، اہم بین الاقوامی واقعات کی مشترکہ کوریج، صحافیوں کے تبادلوں اور جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے عالمی سطح پر شنگھائی تعاون تنظیم کی مؤثر آواز کو مضبوط بنانے کے امکانات پر بھی گفتگو کریں گے۔

منتظمین کے مطابق اس فورم کا بنیادی مقصد رکن ممالک کے میڈیا اور تھنک ٹینکس کے درمیان تعاون کو فروغ دینا، علاقائی مکالمے کو وسعت دینا، گمراہ کن معلومات کا مقابلہ کرنا اور "روحِ شنگھائی" کی بنیاد پر عالمی حکمرانی کے زیادہ منصفانہ نظام کے قیام میں کردار ادا کرنا ہے۔

News ID 1940465

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha