مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سہند 2025 کے عنوان سے شنگھائی تعاون تنظیم کی انسدادِ دہشت گردی کی مشترکہ مشقیں سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی زمینی فورس کی میزبانی میں صوبہ آذربائیجان شرقی میں منعقد ہوں گی۔
سپاہ کی زمینی فورس کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کے معاون کرنل پاسدار شہرام عسکریان نے بتایا کہ یہ مشقیں خاص اسٹریٹجک اہمیت رکھتی ہیں۔ جو مسلح افواج کے جنرل اسٹاف کی ہدایات، سپاہ پاسداران، وزارتِ خارجہ کے تعاون اور شنگھائی تعاون تنظیم کی انسدادِ دہشت گردی کمیٹی کی مشاورت پر ڈیزائن کی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران دہشت گردی اور دہشت گرد گروہوں کے خلاف ہمیشہ صفِ اول میں رہا ہے اور اب تک 17 ہزار سے زائد ایرانی شہری، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، دہشت گردوں کے ہاتھوں شہید ہو چکے ہیں۔
یہ مشقیں منگل یکم دسمبر 2025 سے پانچ روز تک جاری رہیں گی اور ضلع شبستر میں امام زمانؑ میکانائزڈ بریگیڈ کے آپریشنل علاقے میں منعقد ہوں گی۔
مزید تفصیلات اور عملی پروگرام بعد میں سپاہ کی زمینی فورس کے آپریشنز کے معاون بریگیڈیئر پاسدار ولی معدنی میڈیا کے ذریعے اعلان کریں گے۔
آپ کا تبصرہ