مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزیرِ زراعت نوریقزلجه نے ترکی میں منعقدہ بین الاقوامی زیرو ویسٹ فورم کے موقع پر ترک وزیرِ زراعت و جنگلات ابراہیم یومکلی سے ملاقات میں کہا کہ شمالی ایران کے جنگلات میں آگ بجھانے میں ترکی کے تعاون پر تہران شکر گزار ہے۔ انہوں نے اس اقدام کو دونوں ملکوں کے درمیان قریبی تعلقات اور تعمیری تعاون کی واضح مثال قرار دیا۔
ملاقات میں دونوں فریقین نے دوطرفہ تعلقات اور تعاون کے مزید فروغ پر تبادلۂ خیال کیا۔ ایرانی وزیر نے زور دیا کہ دونوں وزارتوں کے درمیان وسیع مشترکہ موضوعات کے پیش نظر خوراکی سلامتی اور زراعت کے شعبوں میں تعاون کو پہلے سے زیادہ مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے زراعت، خشک سالی، مویشی بانی، آبی وسائل کے انتظام اور زرعی تحقیق کے شعبوں میں تجربات کے تبادلے کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ ایران ان شعبوں میں ترکی کے ساتھ مشترکہ تعاون کے لیے تیار ہے۔
ترک وزیرِ زراعت نے اپنی گفتگو میں کہا کہ خوراکی سلامتی اور پانی کی پیداوار میں اضافہ ایسے مسائل ہیں جو ایران اور ترکی جیسے خطے کے اہم ممالک کی اقتصادی استحکام اور ترقی کے عمل پر گہرا اثر ڈالتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ دونوں ملکوں کو ان چیلنجوں کے نتائج سے نمٹنے کے لیے سنجیدہ تعاون کرنا ہوگا۔
آپ کا تبصرہ