مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ سید علی خامنہای کے مشیر برائے بینالاقوامی امور ڈاکٹر علی اکبر ولایتی نے عراق میں کامیاب پارلیمانی انتخابات کے انعقاد پر عراقی عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس کامیابی نے نہ صرف عراق کے روشن مستقبل کی بنیاد رکھی ہے بلکہ خطے میں استحکام اور خودمختاری کا نیا پیغام بھی دیا ہے۔
ولایتی نے اپنے پیغام میں کہا کہ ’میں شجاع اور بیدار عراقی قوم کو ان کے عظیم اور بے مثال کارنامے پر دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے اپنے ملک کی تقدیر کے تعین میں تاریخی کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ عراق پانچ ہزار سالہ تاریخ رکھنے والا ایک اہم عرب و اسلامی ملک ہے، جس نے انسانی تہذیب کی بنیادوں میں نمایاں کردار ادا کیا۔ یہی سرزمین سومری تہذیب کا گہوارہ رہی ہے اور اسلامی تاریخ کے آغاز سے آج تک اہل عراق نے اہل بیت علیہم السلام کی محبت و پیروی میں بے مثال قربانیاں پیش کی ہیں۔
ولایتی نے مزید کہا کہ مقدس مقامات کی موجودگی عراق کے ایمان اور اتحاد کی علامت ہے اور شیعہ، سنی اور کرد سب اہل بیتؑ کی حرمت کے دفاع میں متحد ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ پرجوش اور پرامن انتخابات عراقی قوم کی سیاسی و سماجی پختگی کی دلیل ہیں اور یہ ایک ایسا تاریخی موقع ہے جو خطے کے دیگر ممالک کے لیے نمونہ بن سکتا ہے۔ ان انتخابات نے دشمنوں پر یہ واضح کردیا ہے کہ کسی بھی غیرملکی طاقت کو عراقی عوام کی تقدیر میں مداخلت کا حق نہیں۔
آخر میں انہوں نے زور دیا کہ ایران و عراق کے تعلقات گہرے تاریخی، ثقافتی، مذہبی اور تہذیبی رشتوں پر استوار ہیں اور دونوں برادر ممالک کے درمیان تعاون کا مستقبل روشن اور پرامید ہے۔
آپ کا تبصرہ