مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے رپورٹ دی ہے کہ امریکی وزارتِ دفاع (پینٹاگون) کو صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے نائجیریا کو دی گئی دھمکیوں کے بعد اس ملک کے حوالے سے مختلف ہنگامی حکمت عملیوں کی تیاری کا حکم موصول ہوا ہے۔
وائٹ ہاؤس نے اعلان کیا ہے کہ پینٹاگون، صدر ٹرمپ کی ہدایت پر، نائجیریا میں مبینہ طور پر مسیحیوں کے قتلِ عام کے تناظر میں ممکنہ اقدامات پر غور کر رہا ہے۔ اس حوالے سے کوئی بھی فیصلہ براہِ راست صدر ٹرمپ ہی کریں گے۔
سی این این نے مزید بتایا کہ افریقی خطے میں تعینات امریکی افواج کے چند کمانڈروں کو سوشل میڈیا پر ٹرمپ کی دھمکیوں کے بعد فوری طور پر طلب کر لیا گیا ہے۔
ادھر اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے نائب ترجمان فرحان حق نے ان دھمکیوں پر ردِعمل دیتے ہوئے تمام رکن ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کسی دوسرے ملک کے خلاف تشدد یا دھمکی آمیز رویے سے گریز کریں۔
آپ کا تبصرہ