مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، فرانس کے سابق صدر نیکولا سارکوزی لیبیا کے سابق رہنما معمر قذافی سے غیر قانونی مالی امداد لینے کے مقدمے میں سنائی گئی پانچ سال قید کی سزا کاٹنے کے لیے جیل پہنچ گئے ہیں۔
فرانسیسی نشریاتی ادارے فرانس ۲۴ کے مطابق، سارکوزی پیرس کی "لا سانتے" جیل میں اپنی سزا کا آغاز کر چکے ہیں۔ یہ پہلا موقع ہے کہ یورپی یونین کے کسی رکن ملک کا سابق سربراہ باقاعدہ جیل کی سلاخوں کے پیچھے جا رہا ہے۔
سارکوزی پر الزام ہے کہ انہوں نے ۲۰۰۷ کی صدارتی مہم کے دوران معمر قذافی سے لاکھوں یورو کی غیر قانونی مالی امداد حاصل کی، اور بدلے میں وعدہ کیا کہ وہ مغربی ممالک میں قذافی کی حیثیت بہتر بنانے میں مدد کریں گے۔
عدالت نے انہیں گزشتہ ماہ پانچ سال قید کی سزا سنائی تھی، تاہم سابق صدر نے فیصلے کو غیر منصفانہ قرار دیتے ہوئے اپیل کر رکھی ہے۔
جیل حکام کے مطابق، سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر انہیں دیگر قیدیوں سے الگ ایک انفرادی سیل میں رکھا گیا ہے۔
آپ کا تبصرہ