مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسرائیلی روزنامہ معاریو کی جانب سے شائع کردہ تازہ عوامی سروے سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ مقبوضہ علاقوں میں رہنے والے صہیونی باشندے جنگ غزہ کے سیاسی، سماجی اور معاشی اثرات سے شدید طور پر پریشان ہیں۔
سروے کے مطابق، 69 فیصد شہریوں نے کہا کہ غزہ جنگ نے اسرائیل میں سماجی ہم آہنگی اور یکجہتی کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔
اسی طرح 66 فیصد لوگوں نے معاشی نقصانات پر گہری تشویش ظاہر کی، جو اس جنگ کے نتیجے میں پیدا ہونے والے عدم استحکام اور مالی بحران کی طرف اشارہ ہے۔
سروے میں شامل 63 فیصد افراد نے جنگ کے نتیجے میں داخلی اور خارجی سیکیورٹی خطرات پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔
یہ نتائج ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب غزہ پر مسلسل حملوں کی وجہ سے صہیونی حکومت پر سیاسی دباؤ، عالمی تنقید میں اضافہ ہورہا ہے۔
مبصرین کا کہنا ہے کہ اسرائیلی معاشرے میں بڑھتی ہوئی تقسیم، اقتصادی بدحالی اور سیکیورٹی خدشات حکومت کے لیے سنگین چیلنج بن چکے ہیں۔
ماہرین کے مطابق، یہ نتائج اس امر کی عکاسی کرتے ہیں کہ نہ صرف فلسطینی عوام، بلکہ خود اسرائیلی شہری بھی اس جنگ کے منفی اثرات کا سامنا کررہے ہیں اور حکومت کی موجودہ پالیسیوں پر اعتماد کمزور ہورہا ہے۔
آپ کا تبصرہ